سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ڈاکٹر مجید خان کی تدفین

حیدرآباد ۔ 11 مئی ۔ ( دکن نیوز) ممتاز ماہر نفسیات ڈاکٹر مجید خان جن کا 10 مئی بروز اتوار 5:50 بجے مختصر سی علالت کے باعث انتقال ہوگیا، 11 مئی بعد نماز ظہر مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور تدفین مسجد ٹھگی جیل ، کاچی گوڑہ میں عمل میں آئی ۔ جیسے ہی ڈاکٹر مجید خان کا انتقال ہوا اس کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور ان کے مداحوں ، دوست و احباب ، رشتہ داروں ، شاگردوں اور ایسے مریض جو ان سے شفاء یاب ہوئے و دیگر کی بڑی تعداد نے پُرسہ دیا ۔نماز ظہر سے قبل میت کو مسجد عالیہ گن فاؤنڈری لایا گیا ۔ نماز جنازہ کے بعد دیدار کرنے والوں میں مسرس زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست‘ عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، حامد محمد خان امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ، غلام یزدانی ایڈوکیٹ ، خواجہ معزالدین ایڈوکیٹ ، عبدالباسط انور ڈائرکٹر تلگو اسلامک پبلکشنز ، مولانا احمد محی الدین نظامی ، حافظ رشادالدین سکریٹری جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد ، ظفر جاوید ، انور خان سابق پرنسپل انوارالعلوم جونیر کالج ، تاج الدین اے سی پی عابڈز ، ڈاکٹر اعظم ، فاضل حسین پرویز کے علاوہ شہر حیدرآباد کے مسلم تعلیمی اداروں ، ہاسپٹل سے وابستہ ذمہ داروں اور ڈاکٹرس کی کثیرتعداد موجود تھی ۔