واشنگٹن ۔ 28 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے متنازعہ امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک رہنما برنی سینڈرس کے ساتھ ٹیلی ویژن مباحثہ میں حصہ لینے سے اتفاق کے صرف دو دن بعد ہی پنے وعدہ سے منحرف ہوگئے جس کے بعد سینڈرس نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کے امکانی اُمیدوار ان کے ساتھ دوبدو مباحثہ میں حصہ لینے سے خوف کے سبب فرار اختیار کررہے ہیں۔ تاہم ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں ہیلاری کلنٹن سے کچھ پیچھے رہ جانے والے سینڈرس کے ریمارکس کے جواب میں ٹرمپ نے آج کہا کہ ’’اب میں ہی ریپبلکن پارٹی کا امکانی امیدوار بن چکا ہوں چنانچہ مجھے یہ بات نامناسب معلوم ہوتی ہے کہ دوڑ میں دوسرے مقام پر رہنے والے کسی فرد کے ساتھ میں کسی مباحثہ میں حصہ لوں‘‘ ۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ڈیموکریٹک پارٹی میں صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے عمل میں مکمل طورپر بوگس رائے دہی ہوئی ہے ۔ ہیلاری کلنٹن اور ڈبورہ ویزرمین شلٹز ، سینڈرس کو کامیاب ہونے نہیں دیں گی ۔ ٹرمپ نے کہاکہ ’’میں صرف پہلے مقام پر پہونچنے والے ڈیموکریٹک امیدوار غالباً ہیلاری کلنٹن یا کسی اور سے مباحثہ میں حصہ لینا چاہتا ہوں‘‘ ۔ ٹرمپ نے سینڈرس سے بحث میں حصہ لینے کا جمعرات کو وعدہ کیا تھا لیکن آج اچانک ان کے انکار نے سب کو حیرت زدہ کردیا ہے اور میڈیا میں بھی مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔