سینئیر صحافی محمد سبحان کی گرفتاری کے خلاف پریس کونسل آف انڈیا کی حکومت کو نوٹس

حیدرآباد /15 جون ( پریس نوٹ ) پریس کونسل آف انڈیا نے سینئیر صحافی محمد سبحان کی حیدرآباد پولیس کی جانب سے گرفتاری کا ازخود نوٹ لیتے ہوئے چیف سکریٹری ، سکریٹری ( داخلہ ) اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کے ذریعہ حکومت تلنگانہ کو نوٹس جاری کی ہے اور ان سے اس گرفتاری کے بارے میں حقائق پر مبنی رپورٹ طلب کی ہے ۔ سکریٹری جنرل انڈین جرنلسٹ یونین و رکن پریس کونسل آف انڈیا مسٹر امر دیولاپلی کی شکایت پر چیرمین پریس کونسل آف انڈیا جسٹس چندرامولی پرساد نے محمد سبحان کی گرفتاری کا سخت نوٹ لیا ہے ۔ ڈی امر نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد پولیس نے سینئیر صحافی کو ایک جھوٹے کیس میں ماخوذ کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے کیونکہ وہ گذشتہ چند ماہ سے اپنی رپورٹنگ کے ذریعہ پولیس میں جاری رشوت ستانی اور غیر کارکردگی کا انکشاف کیا تھا ۔ بعض سینئیر پولیس عہدیدار ان کی رپورٹس پر برہم تھے اور انہیں جھوٹے کیس میں پھنسا کر جیل بھیجنا چاہتے تھے ۔