سینئر سٹیزنس کیلئے یوجنا میں سرمایہ کاری کی حددوگنی

نئی دہلی، 2 مئی(سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے سینئر شہریوں کو ان کی سرمایہ کاری پر ایک مقررہ رقم دینے کے مقصد سے شروع کی گئی پردھان منتری وے ئے وندن یوجنا میں سرمایہ کاری کی حد کو ساڑھے سات لاکھ روپے سے بڑھا کر پندرہ لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جس سے سرمایہ کاروں کو ہر ماہ دس ہزار روپے تک پنشن مل سکے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ وزیر قانون روی شنکر نے بعد مہ نامہ نگاروں کو بتایا کہ مالیاتی شمولیت اور سوشل سیکورٹی کے اپنے وعدے کے تحت پردھان منتری وے ئے وندن یوجنا میں سرمایہ کاری کی مدت کو چار مئی 2018 سے بڑھا کر31مارچ 2020 کر دیا گیا ہے اب اس میں پندرہ لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی جاسکے گی جس سے سرمایہ کاروں کو دس ہزار روپے تک ماہانہ پنشن مل سکے گی۔انہوں نے بتایا کہ مارچ 2018 تک 2.23 لاکھ سینئر شہریوں نے اس اسکیم کا فائدہ اٹھایا ہے جب کہ اس سے پہلے کی سینئر پنشن انشورنس اسکیم 2014 کے تحت 3.11 لاکھ سینئر شہریوں نے فائدہ اٹھایا تھا ۔ا س اسکیم کے تحت دس سال کے لئے سرمایہ کاری کی جاتی ہے ۔ جس میں آٹھ فیصد کا یقینی ریٹرن ملتا ہے جسے ماہانہ پنشن کی شکل میں دیا جاتا ہے ۔ ایل آئی سی کے ذریعہ اس اسکیم کو نافذ کیا جارہا ہے ۔