حیدرآباد /19 جون (سیاست نیوز) گورنر نرسمہن نے آج صبح راج بھون میں سینئر رکن اسمبلی نارائن سوامی نائیڈو کو عبوری اسپیکر کا حلف دلایا۔ آج سے اسمبلی کی قدیم عمارت میں آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کا آغاز ہوا، جو پانچ دن تک جاری رہے گا۔ اسی دوران عبوری اسپیکر نے پہلے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کو اور اس کے بعد قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی کو بحیثیت ارکان اسمبلی حلف دلایا۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی نیلمورلو (ضلع وجیا نگرم) سے سات مرتبہ منتخب ہونے والے نارائن سوامی نائیڈو نے 1977ء سے اپنے سیاسی کیریر کا آغاز کیا۔ پہلی بار جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر شکست سے دوچار ہوئے، اس کے بعد سمیتی صدر کی حیثیت سے مقابلہ کیا، پھر لوک دل میں شامل ہوئے اور 1982ء میں تلگودیشم میں شامل ہو گئے۔ 1983ء میں پہلی مرتبہ اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے اور اس کے بعد سے تلگودیشم کے ٹکٹ پر مسلسل منتخب ہوتے رہے، تاہم 2009ء میں انھیں شکست ہوئی، لیکن 2014ء کے عام انتخابات میں انھوں نے پھر کامیابی حاصل کی۔