سینئر بی جے پی لیڈر رام کاپسے کا انتقال

ممبئی۔/29ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر رام کاپسے کا آج طویل علالت کے بعد بعمر 82 سال انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ 8سال سے بیمار تھے اور متصل ضلع تھانے کے علاقہ کلیان میں آج صبح 4بجے اپنی قیامگاہ پر آخری سانس لی۔ مہاراشٹرا بی جے پی کے ترجمان مادھو بھنڈاری نے یہ اعلان کیا۔ ان کی آخری رسومات کلیان میں ادا کی جائیں گی۔ رام کاپسے نے سابق لیفٹننٹ گورنر جزیرہ انڈومان و نکوبار اور 9ویں اور 10ویں لوک سبھا میں تھانے سے نمائندگی کی تھی۔ ان کی موت پر صدر بی جے پی امیت شاہ اور چیف منسٹر دیویندرفڈ نویس نے تعزیت کا اظہار کیا۔

اودھم پور حملہ کے شہید خاندان کو
20 لاکھ روپئے کا چیک حوالہ
چندی گڑھ ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر نے آج 20 لاکھ روپئے کا چیک بی ایس ایف کانسٹیبل راکھی کے ارکان خاندان کے حوالہ کیا جس نے اودھم پور میں حالیہ دہشت گرد حملہ میں عسکریت پسندوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان دے دی تھی۔ راکھی کے والد پرتپال اور والدہ انگریجو دیوی نے چیف منسٹر سے چیک حاصل کیا۔