سینئرخاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف مرکزی وزارت داخلہ کو کارروائی کی عدالتی ہدایت

نئی دہلی ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزارت داخلہ کو دہلی کی ایک عدالت نے ہدایت دی ہے کہ بعض سینئر پولیس عہدیداروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے کیونکہ انہوں نے ’’فرائض سے کوتاہی اور لاپرواہی‘‘ کا رویہ اختیار کر رکھا ہے اور ایک شخص کی موت کے بارے میں تحقیقات کرنے اور شکایت درج کرنے سے انکار کردیا ۔ عدالت نے کہا کہ اس شخص کی والدہ گذشتہ دو سال سے جب کہ اس شخص کا انتقال ہوا تھا ہر ایک سے التجا کرتی آرہی ہے ‘اُس نے دہلی پولیس کمشنر سے بھی ربط پیدا کیا تھا لیکن نہ تو سربراہ پولیس اور نہ شمالی ضلع کے اے سی پی نے ان کی شکایات پر کوئی مناسب کارروائی کی ۔ صرف اس کی شکایت متعلقہ اسٹیشن ہاؤز آفیسر کو روانہ کردی گئی ۔ خصوصی جج برجیش گرگ نے سرائے روہیلا پولیس اسٹیشن کو میرٹ کے ساکن میچل جین کی موت کے بارے میں ایف آئی آر درج کرنے اور قتل کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے مجسٹریٹ کی عدالت کے حکم کو کالعدم قرار دیا جس میں جین کی والدہ کی شکایت سماعت کیلئے قبول کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ اس کے بعد اس نے خصوصی جج کی عدالت میں درخواست پیش کی تھی ۔