اندور ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سیمی کے سربراہ صفدر حسین ناگوری اور ان کی تنظیم کے دیگر 10 کارکنوں کو ایک خصوصی عدالت نے 2008ء میں دائر کردہ غداری کے ایک مقدمہ میں جرم کے مرتکب قرار دیئے جانے کے بعد فی کس 10 سال کی سزائے قید دی ہے۔ احمدآباد کی سابرمتی سنٹرل جیل میں زیرقید 10 ملزمین کی ایک درخواست پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت کے اس فیصلے سے واقف کروایا گیا ۔ اسپیشل ایڈیشنل سیشنس جج بی کے پلوڈا نے اعلان کیا کہ اسٹوڈنٹس اسلامک مومنٹ آف انڈیا ( سیمی) کے تمام 11کارکن ہندوستانی تعزیری ضابطہ 124 ( الف ) (غداری) اور 153 (الف) (مذہب کی بنیاد پر عوام کے مختلف گروپوں میں دشمنی بڑھانا) کے تحت جرم کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ 45 سالہ صفدر ناگور کے علاوہ 35 سالہ حفیظ حسین ، 40 سالہ عامل پرویز ، 38 سالہ شبلی ، 42 سالہ قمرالدین ، 32 سالہ شاہ دولی ، 40سالہ کامران ، 35 سالہ انصار، 32 سالہ احمد بیگ ، 35 سالہ یٰسین اور 40 سالہ مننروز بھی جرم کے مرتکب پائے گئے ہیں۔