سیمی کے سابق صدر شاہد بدر باعزت بری

نئی دہلی۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سیمی کے سابق صدر شاہد بدر فلاحی کو آج دہلی کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سنجے کھنگوال نے فرقہ وارانہ عدم ہم آہنگی کے مقدمہ میں باعزت بری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 44 سالہ ممنوعہ تنظیم سیمی کے کارکن کے خلاف ثبوتوں کا فقدان ہے۔ دیگر کئی مقدمات ان کے خلاف ہنوز زیرالتواء ہیں۔ بدر کے وکیل صفائی آئی اے صدیقی نے عدالت سے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف اس مقدمہ میں ملوث کرنے کیلئے کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ نامعلوم افراد نے نیو فرینڈس کالونی پولیس اسٹیشن پر 19 مارچ 2001ء کو ایف آئی آر درج کروائی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ ایک اسٹیکر جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کی دیوار پر چسپاں کیا گیا ہے جس میں اشتعال انگیز مواد موجود ہے۔ بعدازاں یہ مقدمہ دہلی پولیس کو منتقل کردیا گیا۔