سیما ۔آندھرا میں انتخابی مہم کا آج اختتام

چہارشنبہ کو 25 پارلیمانی اور 175 اسمبلی حلقوں میں رائے دہی

حیدرآباد 4 مئی ( پی ٹی آئی )سیما آندھرا میں لوک سبھا کی 25 اور اسمبلی کی175 نشستوں کیلئے جاری طوفانی انتخابی مہم اور مختلف جماعتوں کی جانب سے الزامات کے تبادلوں کا سلسلہ کل پیر کو ختم ہوجائے گا۔ ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں شدید گرمی کی لہر اور چلچلاتی دھوپ کی پرواہ کئے بغیر بشمول صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو ،ادارکار سے سیاستداں بننے والے پون کلیان ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی، مرکزی وزیر چرنجیوی ، سابق چیف منسٹر اور جئے سمکھیا آندھرا پارٹی ( جے ایس پی) این کرن کمار ریڈی نے روزانہ کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مہم میں حصہ لیا اور متعدد انتخابی ریالیوں سے خطاب کیا ۔ 3.68 کروڑ رائے دہندے 7 مئی کو ووٹ ڈالنے کے مستحق ہیں ۔ بی جے پی نے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی اور جنا سینا پارٹی کے لیڈر پون کلیان نے بی جے پی ۔ تلگودیشم اتحاد کیلئے گذشتہ ہفتہ سیما آندھرا میں 6 جلسوں سے خطاب کیا ۔ چندرا بابو نائیڈو کے برادر نسبتی اور سرکردہ تلگو اداکار بالا کرشنا نے جو ضلع اننت پور کے حلقہ اسمبلی ہندو پور سے مقابلہ کررہے ہیں تلگودیشم کیلئے مہم چلائی۔ جگن موہن ریڈی ، ان کی والدہ وائی ایس وجیہ اماں اور بہن شرمیلا نے اپنی پارٹی کی کامیابی کیلئے طوفانی مہم میں حصہ لیا ۔ کرن کمار ریڈی اپنی جے ایس پی کیلئے شب و روز مہم چلا رہے ہیں۔ اگر چہ اس نئی جماعت کو چند ابتدائی دھکے لگے ہیں جب اس کے چند سرکردہ قائدین پارٹی سے علحدہ ہوگئے ۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی ، نائب صدر راہول گاندھی نے حکمراں جماعت کی کامیابی کے امکانات کوفروغ دینے کیلئے کئی جلسوں سے خطاب کیا لیکن سمجھا جاتا ہے کہ ریاست کی تقسیم کے بعد اس علاقہ میں حکمراں جماعت کو بد ترین ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ سی پی آئی ایم پولیٹ بیورو کے رکن سیتا رام یچوری جو ساحلی آندھرا کے ساکن ہیں اپنی پارٹی کے امیدواروں کی تائید میں مہم چلائی ۔ چیف الیکٹورل افیسر بھنور لعل کے مطابق 25 پارلیمانی حلقوں میں 333 امیدوار ہیں جبکہ 175 اسمبلی حلقوں میں 2,243 امیدوار ہیں۔ غیر منقسم آندھرا پردیش میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے دوران تاحال 140 کروڑ روپئے مالیتی غیر محسوب نقد رقم ،74.2 کیلو سونا کے علاوہ شراب اور دیگر اشیاء کا بھاری ذخیرہ ضبط کیا جاچکا ہے ۔