سیما آندھرا کے ارکان پارلیمنٹ کے رویہ کی مذمت، بی جے پی قائد بنڈارو دتاتریہ کا بیان

حیدرآباد 16 فبروری (این ایس ایس) بی جے پی کے سینئر قائد اور سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے جمعرات کو پارلیمنٹ میں تلگودیشم اور سیما آندھرا کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے نازیبا رویہ کی شدید مذمت کی اور کہاکہ اس سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی بدنامی ہوئی ہے۔ آج یہاں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ پارلیمنٹ میں کانگریس ایم پیز کا پرتشدد رویہ دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بِل کی منظوری کو روکنے کے ان کے منصوبہ کا حصہ تھا۔ وجئے واڑہ کے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ لگڑاپاٹی راج گوپال کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سیما آندھرا کے ارکان پارلیمنٹ راج گوپال کے مجنونانہ کام کی مدافعت کررہے ہیں جوکہ غیر جمہوری ہے۔ اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ تلنگانہ بِل پارلیمنٹ میں منظور ہوگا اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی اس کی مکمل تائید کرے گی۔