فلم اسٹار جونیر این ٹی آر کی چندرابابو سے ملاقات، عوامی مسائل پر بات چیت
حیدرآباد 18 مئی (سیاست نیوز) تلگو فلم اسٹار جونیر این ٹی آر نے آج صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اِس بات کے یقین کا اظہار کیاکہ تلگودیشم پارٹی اپنے دور اقتدار میں حسب سابق بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے خاتمہ کے علاوہ ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی کی کامیابی کے متعلق جو توقعات وابستہ کی گئی تھیں، عوام نے اُن توقعات کو پورا کرتے ہوئے تلگودیشم پارٹی پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اب تلگودیشم پارٹی قائدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی توقعات کو پورا کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کے اعلانات کو عملی جامہ پہنائیں۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو کے ہمراہ جونیر این ٹی آر کی طویل ملاقات کے دوران بتایا جاتا ہے کہ
کئی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب مسٹر این ہری کرشنا کے فرزند جونیر این ٹی آر نے اِس ملاقات کے موقع پر پارٹی کے استحکام کے علاوہ پارٹی کے سینئر قائدین کو دوبارہ متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ واضح رہے کہ مسٹر این چندرابابو نائیڈو کے نسبتی برادر مسٹر این ہری کرشنا نے انتخابات سے چند ماہ قبل ہوئے راجیہ سبھا انتخابات میں ٹکٹ نہ دیئے جانے پر پارٹی سے دوری اختیار کرلی تھی لیکن انتخابات سے عین قبل منعقدہ پولیٹ بیورو اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے ہری کرشنا نے یہ واضح کردیا تھا کہ وہ پارٹی سے مستعفی نہیں ہوئے ہیں بلکہ وہ پارٹی کے بعض فیصلوں سے ناراض تھے۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو اور جونیر این ٹی آر کے مابین ہوئی اِس خوشگوار ملاقات کے دوران پارٹی کے استحکام اور عوامی مسائل پر گفتگو ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔