سیما آندھرا کے دارالحکومت کی تعمیر کیلئے تلگو دیشم واضح ویژن رکھتی ہے

دونوں ریاستوں میں حکومت قائم کرنے ، چندرا بابو نائیڈو پر اعتماد

حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( آئی این این ) : صدر تلگو دیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو نے آج اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تلگو دیشم پارٹی تلنگانہ اور بقیہ آندھرا پردیش دونوں ریاستوں میں حکومت تشکیل دے گی ۔ یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون پر سیما آندھرا قائدین کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے کہا کہ صرف تلگو دیشم پارٹی ہی بقیہ ریاست کو ترقی دے سکتی ہے اور نئے دارالحکومت کی تعمیر سے متعلق ایک واضح ویژن رکھتی ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یہ تلگو دیشم پارٹی ہی ہے جس نے ویژن 2020 ڈاکومنٹ متعارف کرتے ہوئے آندھرا پردیش کو ترقی دی ۔ انہوں نے سیما آندھرا علاقہ کی ترقی سے متعلق وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نئے دارالحکومت کی جگہ ایک اور چنچل گوڑہ جیل بنائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ تلنگانہ کے پسماندہ طبقات کو تلگو دیشم پارٹی سے بڑی امیدیں ہیں ۔

چندرا بابو نائیڈو نے اس بات کی پیش قیاسی بھی کی کہ ٹی آر ایس انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی میں ضم ہوجائے گی ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تلگو عوام میں اختلافات پیدا کئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ۔ ٹی آر ایس انضمام سے دونوں پارٹیوں کے قائدین کے سیاسی مقاصد منظر عام پر آئیں گے ۔ تلگو دیشم پارٹی سربراہ نے کے سی آر سے کہا کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ حیدرآباد کی ترقی میں ان کا کیا رول ہے ۔ انہوں نے ایک نئی پارٹی قائم کرنے نگران کار چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کی کاوشوں کی بھی مذمت کی ۔ انہوں نے کرن سے پوچھا کہ وہ اپنے دور حکومت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیا کام کیے جس سے انہیں نئی پارٹی قائم کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی تلگو کے افتخار کی اور تلگو عوام کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔۔