سیما آندھرا کانگریس امیدواروں کی فہرست کو آج قطعیت

حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی سیما آندھرا علاقہ جات میں دوسرے مرحلہ کے تحت 7مئی کو منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کی فہرست کو کل 14 اپریل تک قطعیت دینے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں اور توقع کی جارہی ہیکہ بروز پیر تک سیما آندھرا امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیتے ہوئے اعلان کیا جائے گا ۔ اسی دوران صدر آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر این رگھو ویرا ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سیما آندھرا کیلئے کانگریس پارٹی امیدواروں کی فہرست کو 14 اپریل تک قطعیت دے دی جائے گا اور پھر امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے میں تمام طبقات کے ساتھ مکمل انصاف کرنے اور ہر طبقہ کو مناسب نمائندگی دینے کی ممکنہ کوشش کی جارہی ہے ۔ مسٹر رگھو ویرا ریڈی نے بتایا کہ صرف 35 تا 40 نشستوں کیلئے ہی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینا باقی ہے

اسی دوران بتایا جاتا ہیکہ ضلع اننت پور کے والمیکی طبقہ سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم پارٹی سے وابستہ کئی قائدین و کارکنوں نے تلگودیشم پارٹی کے غیر منصفانہ اقدامات کے خلاف بطور احتجاج تلگودیشم پارٹی سے استعفی دیدیا اور مسرس این رگھو ویرا ریڈی اور چرنجیوی کانگریس قائدین کی موجودگی میں ان تمام قائدین و کارکنوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر مسٹر چرنجیوی نے والمیکی طبقہ کے قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے تلگودیشم پارٹی سے علحدگی اختیار کرکے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اوران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام طبقات کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے تلگودیشم پارٹی و دیگر سیاسی جماعتوں کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سوائے کانگریس پارٹی کے کسی اور سیاسی جماعت میں کمزور و پچھڑے طبقات کے ساتھ سماجی انصاف کی ہر گز توقع نہیں کی جاسکتی ہے ۔