سیما آندھرا میں کانگریس کو مستحکم کرنے حکمت عملی ، صدر پی سی سی کا خطاب

حیدرآباد ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں تشکیل دینا فیشن ہوگیا ہے۔ انتخابات سے قبل قائدین کا سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنا عام بات ہے۔ سیما۔ آندھرا کی ترقی کیلئے متحدہ طور پر کام کرنے کا اعلان کیا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی بی ستیہ نارائنا نے آج گاندھی بھون میں سیما۔ آندھرا کے سابق وزراء کا اجلاس طلب کیا۔ سیما۔ آندھرا میں پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بالواسطہ سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹیاں تشکیل دینا فیشن بن گیا ہے۔ چند افراد پر فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے پارٹیاں تشکیل دینے کا الزام عائد کیا۔ جگن موہن ریڈی پر رجسٹریشن کرانے سے قبل پارٹی تشکیل دینے کا الزام عائد کیا۔ پارٹی تشکیل دیتے ہوئے خانگی کمپنیوں کو ڈبانے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کانگریس کے وزراء اور کانگریس کے ارکان اسمبلی کے مستعفی ہونے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل قائدین کا سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنا عام بات ہے۔ سیاسی مفادات کیلئے پارٹیاں تبدیل کرنے والوں کو عوام سبق سکھانے کا ادعا کیا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ سیاسی مفادات کیلئے ہی چند قائدین پارٹی تبدیل کررہے ہیں۔ ریاست کی تقسیم ہو یا نہ ہو پارٹی تبدیل کرنے والے ضرور کرتے ہیں صرف اب بہانا بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سربراہ تلگودیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو اور صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کی طرح جھوٹ نہیں بول رہے ہیں۔ اثاثہ جات ہونے کی وجہ سے بار بار چندرا بابو نائیڈو سنگاپور کی تشہیر کررہے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ زمانہ تبدیل ہوگیا ہے حالت کے ساتھ بدلنے میں ہی بھلائی ہے۔ سیما آندھرا کو سارے ملک میں ماڈل اسٹیٹ کے طور پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔