سیما آندھرا میں وائی ایس آر کانگریس کو بھاری اکثریت حاصل ہوگی

تنہا حکومت تشکیل دی جائے گی ، عوام کا قطعی فیصلہ ، جگن کی اہلیہ بھارتی کا ادعا

حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جگن موہن ریڈی کی شریک حیات مسز بھارتی نے کہا کہ سیما آندھرا میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی 130 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے تنہا حکومت تشکیل دے گی ۔ سربراہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کی شریک حیات مسز بھارتی نے کہا کہ آندھرا پردیش ( سیما آندھرا ) کے عوام فیصلہ کرچکے ہیں ۔ 7 مئی کی رائے دہی ضابطہ کی کارروائی ہے ۔ عوام جگن موہن ریڈی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کررہے ہیں ۔ راج شیکھر ریڈی عوام کے دلوں میں موجود ہیں ۔ 130 اسمبلی حلقوں پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے جلسوں میں عوام کی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اقتدار حوالے کرنے کا پہلے ذہن تیار کرچکے ہیں ۔ ضلع کڑپہ میں مسز بھارتی نے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور ایک ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہر طرف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی لہر چل رہی ہے ۔ راج شیکھر ریڈی نے جن اسکیمات کو متعارف کرایا تھا ان پر کوئی عمل آوری نہ ہونے سے غریب عوام ان اسکیمات کے ثمرات سے محروم ہوگئے ہیں ۔ صرف جگن موہن ریڈی ہی راج شیکھر ریڈی کے سنہرے دور کا احیا کرسکتے ہیں اور عوام کو ان پر مکمل بھروسہ ہے ۔ جگن موہن ریڈی عوام کی امیدوں پر پوری طرح کھرا اتریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی کی موت کے بعد سے جگن موہن ریڈی عوام کے درمیان ہیں ۔ جیل بھی عوام کے لیے گئے ہیں ۔ عوامی مسائل اور علاقوں کے مسائل سے جتنا جگن موہن ریڈی واقف ہیں ریاست کا کوئی اور قائد واقف نہیں ہے ۔ مختلف جماعتوں کے قائدین انتخابات کے لیے عوام کے درمیان پہونچ رہے ہیں ۔ جب کہ جگن موہن ریڈی ہر دکھ درد میں عوام کے درمیان میں موجود ہیں ۔ عوامی مسائل ہوں یا ریاست کی تقسیم انہوں نے عوام کا بھر پور ساتھ دیا ہے اور عوام کی بھی انہیں مکمل تائید حاصل ہے ۔۔