سیما آندھرا قائدین کو حیدرآباد میں بھوک ہڑتال کی اجازت

حیدرآباد 2 جنوری ( پی ٹی آئی ) پولیس نے سیما آندھرا قائدین کو کل سے اندرا پارک پر دو روزہ بھوک ہڑتال کی آج مشروط اجازت دیدی ۔ یہ قائدین تقسیم ریاست روکنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سیما آندھرا قائدین اس احتجاج کو ’ سنکلپ دیکشا ‘ قرار دیتے ہوئے کل اسمبلی میں تلنگانہ بل پر مباحث کے آغاز کے موقع پر شروع کر رہے ہیں۔ ڈی سی پی سنٹرل زون وی بی کملاسن ریڈی نے رکن پارلیمنٹ املاپورم جی وی ہرش کمار اور دوسروں کو بھوک ہڑتال کی اجازت دی اور کہا کہ یہ بھوک ہڑتال 3 جنوری کو صبح 9 بجے سے 4 جنوری کو رات 9 بجے تک ہی ہونی چاہئے ۔

آرگنائزرس کو مطلع کردیا گیا ہے کہ لا اینڈ آرڈر کو بگاڑنے کی کوئی بھی کوشش کی گئی تو بھوک ہڑتال کی اجازت کو فوری منسوخ کیا جائیگا ۔ بھوک ہڑتال میں شرکت کرنے والوں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کیمپ میں نہ اشتعال انگیز تقاریر کریں اور نہ نعرے لگائیں۔