وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات، کانگریس کو جھٹکا
حیدرآباد /7 مارچ (سیاست نیوز) سیما۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے تین ارکان اسمبلی نے جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ سیما۔ آندھرا میں کانگریس کو یکے بعد دیگرے جھٹکے پر جھٹکے لگ رہے ہیں، ریاست کی تقسیم کے بعد کئی ارکان اسمبلی اپنے سیاسی مستقبل کی فکر میں کانگریس سے مستعفی ہو رہے ہیں، جب کہ سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نئی پارٹی تشکیل دے رہے ہیں۔
اس طرح کانگریس کے ارکان اسمبلی اور وزراء تلگودیشم، وائی ایس آر کانگریس اور کرن کمار ریڈی کی نئی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ دریں اثناء سابق ریاستی وزیر و کانگریس رکن اسمبلی کے سبا رائیڈو کے بشمول دو ارکان اسمبلی کے ناگیشور راؤ اور سریش نے صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرکے پارٹی میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی، جب کہ جگن موہن ریڈی نے ان تینوں کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے سے اتفاق کیا۔ پارٹی ذرائع کے بموجب کانگریس کے کئی قائدین وائی ایس آر کانگریس سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں، تاہم پارٹی ان قائدین کو شامل کرنے کے معاملے میں احتیاط سے کام لے رہی ہے، کیونکہ مقامی پارٹی کارکنوں سے مشاورت اور ان کی رضامندی کے بعد ہی دیگر جماعتوں کے قائدین کو وائی ایس آر کانگریس میں شامل کیا جا رہا ہے۔