سیل فون ٹاورس، ہورڈنگس کی مضبوطی کے متعلق رپورٹ

ایل بی اسٹیڈیم واقعہ کے بعد مجلس بلدیہ حرکت میں آگئی، دونوں شہروں میں مہم
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہرو ںحیدرآباد و سکندرآباد میں موجود تمام سیل فون ٹاؤرس کے علاوہ ہورڈنگس کی مضبوطی و پائیداری کے متعلق رپورٹ فوری مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے پاس جمع کروائی جائے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد دانا کشور نے تمام موبائیل کمپنیوں کے علاوہ اشتہاری ایجنسیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کی۔ جی ایچ ایم سی نے تلنگانہ اسپورٹس اتھاریٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی کہ لعل بہادر اسٹیڈیم میں موجود فیلڈ لائٹس کی پائیداری کی مکمل رپورٹ جمع کروائیں اور اس میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے گذشتہ یوم پیش آئے فیلڈ لائٹس ٹاؤر کے منہدم ہونے کے بعد جاری کی گئی ہدایات کے مطابق شہر حیدرآباد میں موجود تمام سیل فون ٹاؤرس کے استحکام اور پائیداری سے متعلق اسناد وصول کئے جائیں گے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے حادثہ کو روکا جاسکے۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود سیل فون ٹاؤرس کے سلسلہ میں سال گذشتہ بھی جی ایچ ایم سی کی جانب سے مہم چلائی گئی تھی اور اس مہم کے دوران جی ایچ ایم سی نے پائیداری کا سرٹیفیکیٹ نہ رکھنے والے موبائیل ٹاؤر س اور اشتہاری ہورڈنگس کو فوری ہٹانے کی ہدایت جاری کی تھی اور اب گذشتہ چند یوم سے حیدرآباد میں خراب موسم کے سبب تیز ہوائیں چلنے لگی ہیں اور برقی پولس کے علاوہ درختوں کے گرنے کے واقعات پیش آرہے ہیں اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے یہ نوٹس جاری کی گئی ہے۔