سیلفی کے شوق نے تین نوجوانوں کی جان لے لی

بنگلورو ۔ 3 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چلتی ٹرین میں سیلفی کے شوق نے تین نوجوانوں کی جان لے لی جو ٹرین کے نیچے کچلے گئے ۔ ان تین نوجوانوں کی عمر 16 تا 18 سال کے درمیان بتائی گئی۔ وہ بنگلورو سے تقریباً 30 کیلومیٹر دور بڈاڈی کے قریب چلتی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کررہے تھے ۔ ان میں دو پری یونیورسٹی طالب علم اور ایک اسکول ترک کرنے والا نوجوان بتایا گیا ہے۔ ان تینوں نے بنگلورو کے مضافات میں تفریح کا منصوبہ بنایا تھا اور چند افراد نے اُنھیں تصویریں لیتے ہوئے دیکھا ۔ رام نگر سپرنٹنڈنٹ پولیس رمیش دھنوت نے بتایا کہ یہ تین نوجوان تفریح کیلئے یہاں پہونچے تھے اور اُن کے پاس واٹر پارک کیلئے مخصوص کپڑے بھی موجود تھے۔ وہ قریبی بار بھی گئے ، اُس کے بعد تصویر کشی کیلئے ریلوے پٹریوں پر پہنچے اور انھوں نے یہاں تصویریں لینے کے بعد چلتی ٹرین کے ساتھ بھی سیلفی لینے کی کوشش کی اور اُن کی نعشیں ناقابل شناخت ہوگئیں۔