حیدرآباد۔/24جنوری، ( سیاست نیوز) سیلفی لینے کی دھن میں آئے دن نوجوان لڑکے اور لڑکیاں حادثات کا شکار ہورہے ہیں اور بعض موقعوں پر یہ رجحان جان لیوا بھی ثابت ہورہا ہے۔ ایک ایسا ہی واقعہ شہر کے ریلوے جنکشن پر پیش آیا جب ایک نوجوان نے چلتی ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے سامنے سیلفی لینے کی کوشش کی جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب نوجوان کی شناخت شیوا کی حیثیت سے کی گئی ہے جو بھرت نگر ریلوے اسٹیشن کے پاس تیز رفتار سے آنے والی ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے سامنے سیلفی ویڈیو لینے کی کوشش کررہا تھا کہ وہ اسی ٹرین کی زد میں آگیا۔ یہ واقعہ تین دن قبل پیش آیا لیکن سیلفی ویڈیو آج سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے سے یہ بات عام ہوگئی۔ شیوا کی جانب سے لی گئی سیلفی میںدیکھا جاسکتا ہے کہ وہ بھرت نگر ریلوے اسٹیشن سے گذرنے والی ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے سامنے کھڑے ہوکر سیلفی لے رہا ہے اور اسی دوران ٹرین کی زد میں آکر نیچے گرپڑا۔ اس حادثہ میں نوجوان کے سر پر گہرا زخم آیا اور اسے لنگم پلی کے ایک ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ ریلوے پولیس کے سپرنٹنڈنٹ مسٹر اشوک نے بتایا کہ نوجوان کی لاپرواہی اور سیلفی کے جنون کے سبب وہ حادثہ کا شکار ہوا ہے اور وہ دواخانہ میں زیر علاج ہے۔ریلوے پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔