سیلاب و بارش سے پٹریاں بہہ جانے کی وجہہ ٹرین حادثہ

تحقیقات کا حکم ، مہلوکین کے ورثاء اور زخمیوں کو ایکس گریشیا ، ہیلپ لائن کا قیام ، وزیر ریلوے سریش پربھو کا پارلیمنٹ میں بیان

نئی دہلی ۔ 05 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )مدھیہ پردیش میں ہردا کے قریب دو ٹرینس پٹریوں سے نیچے اُتر گئیں کیونکہ سیلاب اور تیز بارش کی وجہ سے پٹریاں بہہ گئی تھیں ۔ اس حادثہ میں کئی لوگ ہلاک اور بیشمار مسافرین زخمی ہوگئے ۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے یہ بات بتائی ۔ حادثہ کے بارے میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوان میں ازخود بیان دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بادی النظر میں یہ حادثہ تیز بارش اور سیلاب کے باعث رونما ہوا ۔ انھوں نے کہاکہ اب تک دستیاب اطلاعات کے مطابق 29 مسافرین ہلاک ہوگئے اور … مسافرین زخمی ہوئے ۔ انھوں نے کہا کہ راجندر نگر ۔ ممبئی جنتا ایکسپریس سے نعشوں کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔ اس کے علاوہ ممبئی ۔ وارناسی کمانی ایکسپریس سے بھی پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالا جارہا ہے ۔ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے ۔ حکومت مدھیہ پردیش کے ترجمان نے جو حادثہ کے مقام پر پہنچ گئے

، بتایا کہ تاحال 29 مسافرین ہلاک ہوئے ہیں۔ سریش پربھو نے کہاکہ اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے اور کمشنر (سیفٹی) تحقیقات کریں گے ۔ انھوں نے کہاکہ متاثرہ مسافرین کو بچانے کیلئے ریلویز ممکنہ کوشش جاری رکھے ہوئے ہے ۔ اُن کے نائب وزیر منوج سنہا شخصی طورپر حادثہ کے مقام جارہے ہیں تاکہ بچاؤ اور راحت کاری اقدامات کا جائزہ لیا جاسکے ۔ انھوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان پہلے ہی مقام حادثہ پہنچ چکے ہیں۔ سریش پربھو نے کہا کہ یہ حادثہ کل رات 11:50 بجے پیش آیا۔ انھوں نے ٹرین نمبر اور دیگر تفصیلات سے ایوان کو واقف کرایا ۔ انھوں نے کہا کہ مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 2لاکھ روپئے ، شدید زخمی افراد کو 50 ہزار اور معمولی زخمیوں کو فی کس 25 ہزار روپئے ایکس گریشیا دیا جائے گا ۔ ہیلپ لائن نمبرس بھی قائم کئے گئے ہیں

تاکہ عوام کو سہولت ہوسکے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ پارلیمانی اُمور مختار عباس نقوی نے کہاکہ وزیر ریلوے ایوان کو حادثہ کے بارے میں واقف کرانا چاہتے ہیں لیکن کانگریس ارکان جو کل سے احتجاج کررہے ہیں آج بھی حکومت کے خلاف نعرے لگارہے تھے ۔ ہنگامہ آرائی کے دوران قائد ایوان ارون جیٹلی نے پربھو کو بیان دینے کی ہدایت دی ۔ اس کے بعد اُنھوں نے بیان پڑھنا شروع کیا۔ صدرنشین ایوان حامد انصاری نے احتجاجی ارکان سے خواہش کی کہ وہ وزیر کو بیان دینے کا موقع دیں ۔ قائد اپوزیشن غلام نبی آزادی کو بھی کانگریس ارکان کو خاموش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیااور سریش پربھو نے عجلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور اُن کے ساتھی وزیر مقام حادثہ کیلئے روانہ ہورہے ہیں ۔ اس کے فوری بعد وہ ایوان سے باہر چلے گئے ۔

 

وزیراعظم کا ٹرین حادثہ پر اظہار رنج، امداد کا اعلان
نئی دہلی ۔ 05 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )وزیراعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش میں دو ٹرینوں کے پٹری سے اُترنے کے حادثہ میں ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکام ہر ممکنہ اقدامات کررہے ہیں ۔ مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ مدھیہ پردیش میں دو ٹرین حادثے انتہائی افسوسناک ہیں ۔ انسانی ہلاکتوں پر انھیں کافی دکھ پہونچا اور اُن کی ہمدردی مہلوکین کے ورثاء کے ساتھ ہے ۔ ویسٹ سنٹرل ریلوے پی آر او پیوش ماتھر کے بموجب کمانی ایکسپریس کے 7 ڈبے اور جنتال ایکسپریس کے تین ڈبے و انجن پٹریوں سے اُتر گئے ۔ انھوں نے کہا کہ پٹریاں بہہ جانے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ مودی نے ایک اور ٹوئٹ کیا کہ وہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مقام حادثہ پر حکام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں اور صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے دو ٹرینس کے پٹریوں سے اترجانے کے حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کے ارکان خاندان کو فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ رقم پرائم منسٹر ریلیف فنڈ سے دی جائے گی اور یہ ریلویز کی معلنہ راحت کے علاوہ ہوگی ۔ شدید زخمیوں کے لئے فی کس 50 ہزار روپئے بھی منظور کئے جارہے ہیں ۔