سیلاب میں معصوم بچی بہہ گئی

کوئمبتور۔/7مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) میٹوپلایم کے قریب شدید بارش کی وجہ سے سیلاب میں بہہ جانے والی ایک چھ سالہ لڑکی کی نعش آج مل گئی۔ پولیس نے بتایا کہ میٹوپلایم میں گذشتہ رات سے گرج اور چمک کے ساتھ زبردست بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پل کے دونوں طرف واقع کم و بیش دس مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔ ایک مکان کے چار ارکان خاندان ماں باپ، بیٹا اور چھوٹی بیٹی مکان میں پیدا ہوئی سیلابی کیفیت سے نکلنے اور محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ گود میں لی ہوئی بچی اچانک ماں کے ہاتھوں سے پھسل کر پانی میں جاگری اور بہہ گئی۔ بچاؤ اور راحت کاری عملہ بھی اس مقام پر پہنچ گیا اور معصوم بچی کی تلاش شروع کردی۔ تلاش بسیار کے بعد بچاؤ کاری عملہ کو مکان سے آٹھ کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک پاور اسٹیشن کے قریب بچی کی نعش دستیاب ہوئی۔بچی کے ماں باپ نعش کو دیکھ کر زاروقطار رونے لگے۔بچی کی ماں نے کہا کہ افراتفری نہ ہوتی تو بچی ہلاک نہ ہوتی۔