تھرواننتاپورم 20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں ہلاکت خیز مانسون سے ہونے والی ہولناک تباہ کاریوں کے دوران اپنی بارہویں جماعت کے سرٹیفکٹس کی تباہی پر دل برداشتہ ایک 19 سالہ لڑکے نے خودکشی کرلی۔ کیرالا کے ضلع کوزی کوڈ کے علاقہ کرنتھور سے تعلق رکھنے والا لڑکا کیلاش تین دن قبل اپنے گھر میں پانی جمع ہوجانے کے بعد والدین کے ساتھ ریلیف کیمپ منتقل ہوگیا تھا۔ کیلاش کو 12 ویں جماعت میں کامیابی کے بعد انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی) میں داخلہ مل چکا تھا اور خوشی میں وہ نئے کپڑے بھی خریدا تھا اور تعلیم کے لئے کچھ پیسے اُٹھا رکھا تھا۔ کیلاش گزشتہ روز بارش میں کمی کے سبب ریلیف کیمپ سے گھر پہونچا تھا جہاں وہ اپنے سرٹیفکٹس کو برساتی پانی کے سبب ناکارہ حالت میں دیکھ کر دل برداشتہ ہوگیا تھا۔ اس نے چھت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ اُس کے ماں باپ کل گھر کی صفائی کے لئے پہونچے تو اُنھوں نے اپنے بیٹے کی نعش چھت سے لٹکتی دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا تھا۔