گوہاٹی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ مسٹر کرن رجیجو نے آج کہا کہ سیلاب سے نمٹنے میں مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کے مابین بہتر اور تیز تعاون ہونا چاہئے ۔ آسام میں سیلاب سے متاثرہ گول پارہ ‘ کامروپ رورل اور دھوبری اضلاع کا فضائی سروے کرنے کے بعد رجیجو نے کہا کہ سب سے پہلے تو کسی آفت سماوی یا تباہی سے متعلق پیش قیاسی اور اس سے متعلق دیگر اطلاعات ریاستوں کو تیزی کے ساتھ پہونچائی جانی چائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اس بات کو یقینی بنایا جائیگا ۔ اس کے بعد ہمیں ہماری قوت کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کی کوششیں مزید موثر ہونی چاہئیں اور وہ شخصی طور پر اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے نتیجہ میں سیلاب سے متاثرہ عوام کو کچھ راحت مل سکتی ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا ریاستی حکومت کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات سے وہ مطمئن ہیں مسٹر رجیجو نے کہا کہ یہ کام بہت اچھے انداز میں کیا جا رہا ہے ۔ تاہم کچھ بھی 100 فیصد اطمینان بخش نہیں ہوسکتا کیونکہ ہم ہمیشہ مزید موثر اور بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ اس صورتحال سے نمٹنے میں کسی تن آسانی سے کام لیا گیا ہے لیکن ہمیں بہتر رابطہ نیٹ ورک بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گول پارہ کے عوام کا احساس ہے کہ وہاں سیلاب کے بعد بچاؤ ٹیموں کو جلد پہونچنا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ بہت اچانک ہوگیا اور وہ وزارت میں بہتر رابطہ پر زور دینگے ۔