سیلاب سے متاثرہ کشمیریوں کی مدد ملی و قومی فریضہ

حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وادی کشمیر میں سیلاب نے زبردست تباہی مچائی ہے 200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ لاپتہ بتائے گئے ہیں ۔ مسلسل طوفانی بارش سیلاب اور تودے کھسکنے کے واقعات نے ریاست کی عوام کا جینا محال کردیا ہے ۔ انہیں غیر معمولی جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ فوج فضائیہ اور آفات سماوی سے نمٹنے والے اداروں کے کارکنوں کی جانب سے بچاؤ و راحت کاری کے مسلسل اقدامات کے باوجود لاکھوں لوگ ہنوز متاثرہ علاقوں میں محصور ہیں کئی ایسے مقامات ہیں جہاں بلند و بالا عمارتیں تنکوں کی طرح ڈھیر ہوگئی ہیں ۔ تقریبا 5 لاکھ افراد میں سے چہارشنبہ کی شام 6-30 بجے تک 76500 مرد و خواتین کو متاثرہ علاقوں سے بچا کر محفوظ مقامات منتقل کردیا گیا تھا ۔ یہاں موصولہ اطلاع میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء ختم ہوچکی ہیں ۔ بعض علاقوں میں لوگ پینے کے پانی کے لیے بھی ترس رہے ہیں ۔ کچھ ایسے علاقے بھی ہیں جہاں مہلوکین کے افراد خاندان مجسم غم بنے ہوئے ہیں ۔ فی الوقت ان کشمیری بھائیوں کو ہماری مدد اور دعاؤں کی سخت ضرورت ہے ۔ جہاں تک حیدرآبادی مسلمانوں اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے قارئین سیاست کے ملی جذبہ انسانی ہمدردی کا سوال ہے وہ ہر مصیبت زدہ کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں ۔ خاص طور پر شہریان حیدرآباد اور تلنگانہ کے مسلمان بلا لحاظ مذہب و ملت پریشان حال لوگوں کی مدد کے لیے دوڑ پڑتے ہیں ۔ قارئین … سیاست نے اپنے پریشان حال کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے سیاست کشمیر ریلیف فنڈ قائم کیا ہے اس فنڈ میں آپ اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے ثواب دارین کے مستحق بن سکتے ہیں ۔ اس لیے کہ پریشان حال لوگوں کی مدد ہمارا ملی و قومی فریضہ ہے ۔ ہمارے نبی کریم ﷺ کا ارشاد مبارک ہے ’ اللہ اس شخص پر رحم نہیں کرتا جو دوسروں پر رحم نہیں کرتا ‘ ۔ آپ ﷺ نے امت کو ضرورت مندوں کی مدد کا حکم دیا ہے چنانچہ روزنامہ سیاست نے ماضی میں بھی جب کشمیر میں زلزلہ آیا تھا اس وقت حیدرآباد سے 48 لاکھ روپئے کا فنڈ جمع کرتے ہوئے اری سیکٹر کے ایک علاقہ میں ایک ہاسپٹل تعمیر کروا کر حکومت کے حوالے کیا تھا ۔ اس طرح پاکستان میں زلزلہ کے موقع پر 10 لاکھ روپئے بطور عطیہ پیش کئے گئے تھے ۔اب جب کہ کشمیر میں غضبناک سیلاب کی تباہ کاریاں عروج پر ہیں ۔ ادارہ سیاست نے کشمیر ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اپنے مصیبت زدہ کشمیری بھائیوں کی مدد کے خواہاں مرد و خواتین سیاست ملت فنڈ میں اپنے عطیات جمع کراسکتے ہیں ۔ اس کے لیے خاص طور پر کشمیر ریلیف فنڈ کا حوالہ ضرور دیں ۔ قارئین اس اکاونٹ نمبر میں عطیات جمع کراسکتے ہیں ۔۔
Siasat Relief Fund Millat
A/C BMC. Bank S.B. A/c No.8218,
Moazam Jahi Market Branch, Hyd.