راجمندری۔/10ستمبر، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں سیلاب سے متاثرہ ضلع مشرقی گوداوری سے آج تقریباً 700افراد کو ریلیف کیمپوں کو منتقل کردیا گیا۔ اس دوران دولیشورم بیاریج میں دریائے گوداوری کی سطح آب میں بتدریج کمی ہورہی ہے۔ ضلع کلکٹر نیتو کماری پرساد نے کہا کہ ’’ سیلاب سے متاثرہ 696 افراد کو ضلع کے چار مختلف ریلیف کیمپوں کو منتقل کردیا گیا جہاں انہیں پینے کیلئے صاف پانی کے علاوہ غذا اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ 64چپو سے چلائی جانے والی کشتیاں،14 انجن سے چلنے والی عصری کشتیاں اور 2 لانچیس استعمال کئے جارہے ہیں جن کے ذریعہ دیوی پٹنم، اینا ولی، گنگاورم، کتہ پیٹ، مموڈی وارم، اسنیتی پلی، راولاپالم، الہ ورم اور ممیڈی کڈورو منڈلوں سے متاثرہ عوام کو ریلیف کیمپوں تک پہنچایا جارہا ہے۔ آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر نما کائیلا چنا راجپا نے ممیڈی کڈورو منڈل کے اپنا پلی گاؤں کا دورہ کیا اور وہاں جاری امدادی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موضع ینگوپلی کے اس شخص کے افراد خاندان سے بھی ملاقات کی جو گذشتہ روز سیلابی پانی میں بہہ گیا تھا۔ اس دوران دولیشورم بیاریج میں دریائے گوداوری کی سطح آب شام 7بجے تک 14.40فیٹ درج کی گئی جو آج صبح 15.60فیٹ تھی۔ سپرنٹنڈنٹ انجینئر ( آبپاشی) ایس سگنا راؤ نے کہا کہ دولیشورم بیاریج پر آج صبح سے پانی کی سطح میں بتدریج کمی ہورہی ہے۔ کل صبح تک مزید کمی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداران آبپاشی آبی سطح کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں تاحال 13.86 کیوزکس پانی اس بیاریج سے سمندر میں چھوڑ دیا گیا۔