ممبئی 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک جنوبی افریقی تاجراور اس کے خسر پر مبینہ حملہ کے دو سال کے بعد اداکار سیف علی خاں اور دیگر دو افراد کے خلاف ممبئی کی ایک عدالت میں آج الزامات وضع کئے گئے ۔ پبلک پراسکیوٹر واجد شیخ نے کہا کہ عدالت نے آج سیف علی خاں اور ان کے دو دوستوں بلال امروہی و شکیل لداخ کے خلاف الزامات وضع کئے ہیں۔ یہ الزامات دفعہ 325 اور 34 کے تحت وضع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت سے امکان ہے کہ گواہوں اور شکایت کنندہ کو سمن جاری کئے جائیں گے اس کے بعد ثبوت و شواہد ریکارڈ کئے جائیں گے ۔ امکان ہے کہ اس کیس کی آئندہ سماعت 30 اپریل کو ہوگی ۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی جانب سے الزامات وضع کئے جانے کے بعد سیف اور ان کے ساتھیوں نے بے قصور ہونے کا ادعا کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تاج محل ہوٹل میں 22 فبروری 2012 کو تاجر اقبال میر شرما اور سیف علی خاں کے مابین جھگڑا ہوا تھا اور اداکار نے تاجر پر مکہ برسایا تھا ۔