ریونیو ریکارڈ کو غیر محفوظ رکھنے پر عہدیداروں پر برہمی
حیدرآباد۔یکم ستمبر(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی نے آج سیری لنگم پلی رجسٹریشن دفتر کا اچانک دورہ کرتے ہوئے وہاں پر جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محکمہ مال کے عہدیدار ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر رنگاریڈی مسٹر دھرما ریڈی کے علاوہ ریونیو ڈیویژنل آفیسر راجندر نگر مسٹر سریش‘ پرنسل سکریٹری ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کے ای جان ویزلی بھی موجود تھے۔ اس دور ان ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمو دعلی نے ریونیو ریکارڈ کو غیر محفوظ طریقے سے رکھنے والے عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب محمد محمود علی نے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں تلنگانہ کی سرکاری اراضیات بالخصوص شہر حیدرآباد اور اس کے اطراف واکناف کی سرکاری اراضیات پر حکمران جماعت کی سرپرستی میں لینڈ مافیانے سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضے کرتے ہوئے اس کو اپنے ذاتی مفادات کے لئے استعمال کیا جبکہ حکومت کی سرکاری اراضیات پر حکومت کے بعد غریب اور معاشی پسماندہ طبقات کا زیادہ حق ہے۔انہوں نے کہاکہ شہر حیدرآباد میںکئی ایک مقامات پر قیمتی سرکاری اراضیات لینڈ گرابرس کے قبضے میںہیں جس سے حکومت خاص طور پر محکمہ مال کو کروڑ روپیوں کا نقصان ہورہا ہے جبکہ ان اراضیات کی بازیابی شہر حیدرآباد کے بے گھر افراد کو امکنہ کی فراہمی میںمددگار ثابت ہوگی۔جناب محمد محمودعلی نے اراضیات کی خرید وفروخت کے لئے رجسٹریشن کے عمل میںشفافیت لانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اراضیات کی خریدی اور فروخت کے دوران رجسٹریشن کے لئے ایجنٹوں کی اجارہ داریوں کو ختم کرتے ہوئے سنگل ونڈو سسٹم کو متعارف کروایا جائے گا تاکہ صارفین کو کمیشن کے طور پر ایجنٹوں کوعلیحدہ رقم ادا کرنے سے بچایا جاسکے۔ جناب محمد محمو دعلی نے رجسٹریشن دفاتر سے رشوت خوری اور بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہو ںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سرکاری اراضیات کے متعلق کئے گئے سروے کا مقصدحکومت تلنگانہ کی جانب سے بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کے لئے سرکاری اراضیات کی نشاندہی ہے۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ تلنگانہ میں زیادہ تر ریونیو دفاتر یا تو کرایہ کے گھروںیا عمارتوں میں ہیں انہوں نے ایسے دفاتر کو خود سرکاری عمارتوں یا پھر سرکاری اراضیات پر نئی عمارتیں تعمیر کرتے ہوئے وہاں منتقل کرنے کا بھی اس موقع پر اعلان کیا۔