نئی دہلی ، 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی رہنما ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ صدرجمہوریہ نے کہا، ’’ڈاکٹر سیدنا برہان الدین کے انتقال سے داؤدی بوہرہ فرقہ عالی مرتبت روحانی رہنما سے محروم ہوگیا ہے جن کی رہنمائی اور بصیرت افروز تعلیمات لوگوں کو بدستور حوصلہ دیتی رہیں گی کہ صلہ رحمی اور خداپرستی کی راہ پر چلتے رہیں‘‘۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی اور چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ڈگ وجئے کو اراضی اسکام میں عدالت کی راحت
دیواس (مدھیہ پردیش) ، 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کو ایک خصوصی عدالت سے بڑی راحت حاصل ہوگئی جس نے زائد از ایک دہے قدیم اراضی اسکام جس میں اُن کانام گھسیٹا گیا تھا ، اُس میں پولیس کی اختتامی رپورٹ کو قبول کرلیا ہے ۔ اکنامک آفینسس ونگ نے ڈگ وجئے ، مدھیہ پردیش اسمبلی کے موجودہ ڈپٹی اسپیکر اور سابق وزیر امکنہ و ماحولیات راجندر کمار سنگھ اور دیگر کے خلاف اراضی کی نوعیت کو استعمال کی خاطر بدل دینے پر کرپشن کا کیس دائر کیا تھا۔ تب ڈگ وجئے مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر تھے ۔ یہ اراضی نیو پریسیشن انڈسٹری کی ہے ۔