پارٹی قومی اجلاس، بی جے پی کے خلاف حکمت عملی کی تیاری
حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) سیتا رام یچوری کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( مارکسٹ) کا دوبارہ قومی جنرل سکریٹری منتخب کرلیاگیا ہے۔ آج یہاں حیدرآباد میںپارٹی قومی کانگریس کے 22ویں پانچ روزہ اجلاس کے آخری دن تریپورہ کے سابق چیف منسٹر وپارٹی پولیٹ بیور و رکن مانک سرکاری نے سیتا رام یچوری کے بطور قومی جنرل سکریٹری نام کا اعلان کیا ۔ نارتھ ایسٹ ریاستوں میںپارٹی کی شکست اور سی پی آئی ایم کا گڑ مانے جانے والی مغربی بنگال میں اقتدار سے محروم ہونے والی کمیونسٹ پارٹی کے پولیٹ بیورو اراکین اور مرکزی کمیٹی کو مستقبل میں سیتا رام یچور ی سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ اجلاس میں پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی اور شمال مشرقی ریاستوں میں شکست کے اسباب کا بغور جائزہ بھی لیاگیا اور 2019کے مجوزہ عام انتخابات میںبی جے پی سے مقابلے کے لئے ایک مضبوط حکمت عملی بھی تیار کی گئی۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( مارکسٹ)کے اجلاس میںجہاں پر بی جے پی سے مقابلے کی حکمت عملی تیار کی گئی وہیں قومی سطح پر سیاسی اتحاد کے لئے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کانگریس کے ساتھ جانے سے پولیٹ بیورو اراکین کی اکثریت نے منع کیا۔ جمعہ کے روز پارٹی کانگریس کے اجلاس کے دوران سی پی ائی آیم کی حکمت عملی کے رہنمایانہ اُصول میںتبدیلی لاتے ہوئے کانگریس کے ساتھ اتحاد کی بات تو کی مگر پارٹی کے اندر بڑے پیمانے پر اس حکمت عملی میںتضاد دیکھنے کو ملا ‘ تاہم فیصلہ کیاگیا کہ کانگریس کے ساتھ کسی قسم کا کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ دوبارہ جنرل سکریٹری انتخاب کے بعد سیتا رام یچوری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے اور مجوزہ2019کے جنرل الیکشن میںبی جے پی کو اقتدار پر دوبارہ فائز ہونے سے روکنے کی ہماری کوشش رہے گی۔انہوںنے کہاکہ فسطائی طاقتوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے کامریڈس کا خون رائیگاں نہیںجائے گا۔ انقلاب برپا کرنا کمیونسٹ قائدین او رکارکنوں کی فطرت ہے۔نئی حکمت عملی کے ساتھ پوری شدت اور طاقت کے ساتھ ہم میدان عمل میں اتریں گے اور بی جے پی، آر ایس ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لئے کمر بستہ ہوجائیںگے۔ مانک سرکار نے اجلاس کے اختتام کااعلان کرتے ہوئے شہر حیدرآباد او رریاست تلنگانہ کی سی پی آئی ایم کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی اور استقبالیہ کمیٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سی پی آئی ایم کے انقلابی گیت پر نعروں کی گونج میں اجلاس کا اختتام عمل میںآیا۔