شکاگو 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شکاگو کے عہدیداروں نے ایک سفید فام پولیس آفیسر کی ایک ایسی ویڈیو جاری کی ہے جو گزشتہ سال ایک کمسن کو گولی مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس فوٹیج کو گزشتہ ہفتہ ایک جج کے احکامات کی بنیاد پر جاری کیا گیا جہاں 20 ڈسمبر 2014 ء کو 17 سالہ لقوان میک ڈونالڈ کو 20 گولیاں ماری گئی تھیں کیوں کہ اُس وقت اس کے ہاتھ میں ایک چاقو تھا اور اس نے چاقو نیچے پھینکنے سے انکار کردیا تھا۔ اس تعلق سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے کہ بالٹی مور اور فرگیوسن کی طرح یہاں بھی حالات خراب نہ ہوجائیں جہاں نوجوان سیاہ فام شخص کو پولیس نے ہلاک کیا تھا یا وہ پولیس کی حراست میں مردہ پایا گیا تھا۔ اس فوٹیج کو دیکھنے والے وکلاء نے بھی بتایا کہ فوٹیج میں میک ڈونالڈ کو چاقو تھامے ہوئے بتایا گیا ہے اور آفیسر جین وان ڈائک نے تقریباً 15 فیٹ کے فاصلہ سے اُس پر گولی چلائی تھی۔ یہی نہیں بلکہ نوجوان کے زمین پر گرنے کے بعد اُس نے یکے بعد دیگرے کئی گولیاں چلائیں۔ 40 سیکنڈ کے ویڈیو فوٹیج کے عام ہوتے ہی عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور اب آفیسر وان ڈائک کی گرفتاری یقینی سمجھی جارہی ہے کیوں کہ اس پر قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔