سرینگر، 3جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ خطہ لداخ میں سیاچن گلیشیر کی حفاظت کے لئے اب تک زائد از 11 سو فوجیوں نے قربانیاں پیش کی ہیں۔ بتادیں کہ مرکزی وزیر دفاع نے پیر کے روز دورہ جموں کشمیر کے دوران سیاچن بیس کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجی اہلکاروں کے ساتھ گفت وشنید کی۔ سیاچن گلیشیر کے دفاع کے دوران جاں بحق ہونے والے فوجیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘سیاچن کی حفاظت کے لئے اب تک زائد از 11 سو فوجیوں نے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، قوم ان کی خدمات و قربانیوں کی ہمیشہ مرہون منت رہے گی’۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ مجھے سیاچن میں خدمات انجام دینے والے تمام فوجیوں پر فخر ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا ‘مجھے سیاچن میں خدمات انجام دینے والے تمام فوجیوں پر فخر ہے جو اپنے وطن کی خدمت کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں، مجھے ان والدین پر بھی فخر ہے جو اپنے بچوں کو ملک کی خدمت کے لئے فوج میں بھیجتے ہیں، میں ذاتی طور پر ان کا مشکور ہوں’۔ مرکزی وزیر دفاع نے سیاچن گلیشیر پر انتہائی مشکل حالات میں اپنے فرائض انجام دینے والے فوجیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا ‘ہمارے فوجی انتہائی مشکل موسمی حالات میں سیاچن پر بہت ہی حوصلے اور صبر کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، میں ان کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں’۔ قابل ذکر ہے کہ سیاچن گلیشیر کو بلند ترین میدان جنگ ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ اگرچہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس گلیشیئر کے علاقے سے فوجی انخلا کرنے یعنی اسے ہمیشہ کے لئے غیر فوجی علاقہ قرار دینے پر مذاکرات شروع کئے گئے تھے تاہم وہ ناکام ثابت ہوئے ۔ علاقے میں اکثر وبیشتر برف کے تودے گرنے کے نتیجے میں فوجیوں کی موت واقع ہوتی ہے ۔ محض چند دن قبل ملک کے وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنے والے راجناتھ سنگھ کا یہ بحیثیت وزیر دفاع کسی بھی ریاست کا پہلا سرکاری دورہ ہے ۔ تاہم موصوف سابقہ حکومت میں بحیثیت وزیر داخلہ قریب دو درجن مرتبہ جموں وکشمیر کے دورے پر آئے تھے ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع نے سیاچن بیس کیمپ میں سیاچن گلیشیر پر انتہائی نامساعد موسمی حالات کے باوجود ملک کی دفاع کے لئے تعینات فوجیوں سے انفرادی و اجتماعی طور پر بات چیت کی۔