نئی دہلی۔/26فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج کہا ہے کہ ہندوستان سیاچن گلیشر کا ہرگز تخلیہ نہیں کرے گا کیونکہ پاکستان ناقابل بھروسہ ہے اور جنگی حکمت عملی کے اعتبار سے اہم برفیلی چوٹی کا تخلیہ کرتے ہی پاکستان قبضہ کرلے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے سیاچن گلیشر پر واقع 23ہزار فٹ بلند فوجی چوکی پر قبضہ کرلیا تھا اگر ہم یہ فوجی مورچہ خالی کردیں گے تو ہمارا دشمن دوبارہ قبضہ کرسکتا ہے جوکہ ہمارے لئے فوجی حکمت عملی کے اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ اس مورچہ کیلئے مزید قربانیاں دینی پڑیں گی کیونکہ ہمیں 1984 ( سیاچن تصادم ) کے تلخ تجربہ سے گزرنا پڑا تھا۔