اسلام آباد 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت خارجہ پاکستان کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہاکہ ہندوستان نے کبھی بھی سیاچن گلیشئر سے فوج کے تخلیہ کے بارے میں تجاویز کا مثبت جواب نہیں دیا۔ اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں اُنھوں نے کہاکہ اِس علاقہ سے دونوں ممالک کی افواج کا تخلیہ کرکے اِسے امن پارک میں تبدیل کردینا چاہئے لیکن اِس تجویز پر ہندوستان کی پالیسی بے لچک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ماضی میں بھی اِس تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور ہندوستان اپنی فوج کا تخلیہ کروانے سے انکار کرتا رہا ہے۔ اِس لئے پاکستان کے لئے بھی اپنی فوج کا تخلیہ کروانا ممکن نہیں رہا۔ اُنھوں نے کہاکہ متنازعہ علاقہ کے مسئلہ کی پرامن یکسوئی سے دونوں ممالک کی ماحولیات کو فائدہ حاصل ہوگا لیکن ہندوستان کے بے لچک رویہ کی وجہ سے مسئلہ کی یکسوئی کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ سیاچن گلیشئر کشمیر کے سلسلہ ہمالیہ کا شمالی حصہ ہے۔ یہ غیر آباد علاقہ سطح سمندر سے 20 ہزار فٹ بلند ہے۔ پہاڑوں پر 10 اور 20 ہزار فٹ کی بلندی کے درمیان ہندوستانی اور پاکستانی فوجیں تعینات ہیں۔ فوج کے ماہرین کے بموجب یہاں کا موسم انتہائی ناسازگار ہے اور پہاڑی علاقوں میں برف کے تودے کھسکنے سے جتنی جانیں ضائع ہوتی ہیں وہ فائرنگ کی وجہ سے بھی نہیں ہوتیں۔