سیالدہ راجدھانی میں کھانے کی وجہ سے نصف درجن مسافر بیمار

کولکتہ۔28مارچ(سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی سے سیالدہ آرہی راجدھانی ایکسپریس میں ریلوے کینٹن کا کھانے کے بعد کئی افراد کے بیمار ہونے کی وجہ سے آج صبح آسنسول ریلوے اسٹیشن مسافروں نے احتجاج کیا ۔شمالی مشرقی ریلوے کے ذرائع کے مطابق نصف درجن مسافر ریلوے کا کھانا کھانے کے بعد بیمار ہوگئے ہیں ۔سی پی آر او ربی مہاپاترا نے یقین دہانی کرائی کہ کھانے کی جانچ کی جائے گی اور اگر کھانے میں کوئی کمی پائی گئی تو کنٹریکٹر اور فوڈ سپلائی ایجنسی کے خلاف کارروائی ہوگی۔بی8اور بی 9میں سوار مسافروں کے بیمار پڑنے کے بعد انتظامیہ سے شکایت کی گئی مگراس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔اس کے بعد مسافروں نے اسٹیشن پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ۔
بس سے 42 لاکھ پرانے نوٹ برآمد، ڈاکٹر سمیت 2گرفتار
سورت۔28مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے سورت شہر میں پولیس نے آج صبح سویرے ایک بس سے 42 لاکھ روپے سے زیادہ قیمت کے پرانے پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹ برآمد کرکے اس سلسلے میں ایک ڈاکٹر سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے ترجمان اے سی پی جے پنڈیانے یو این آئی کو بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر شہر کے ادھنا علاقے میں دکشیشور مندر تین راستے کے نزدیک نوساری کی طرف سے آنے والے بس کی تلاشی کے دوران یہاں امرولی میں رہنے والے اور آبائی طور پر مہاراشٹر کے دھلیا ضلع کے باشندہ ڈاکٹر کرشنا بورسے (39) اور ان کے ساتھ موجود پوربندر کے باشندہ اور اب راجکوٹ میں گھر بنانے والے مستری کا کام کرنے والے رمیش عرف سنجے میوانا (34) کے قبضہ سے 1000 روپے کے 26 بنڈل میں کل ملاکر 2586 نوٹ (2586000 روپے ) اور 500 روپے کے 33 بنڈل میں ایسے 3233 نوٹ (1616500) یعنی کل مجموعی طورپر 4205500 روپے قیمت کے نوٹ برآمد کئے گئے ۔یہ بس ناسک سے احمد آباد جا رہی تھی۔