سیاسی کرپشن کے خاتمہ اور سرکاری کام کاج میں شفافیت کو اولین ترجیح

حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز ) ملک کی 29 ویں ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ کرپشن سے پاک اور موافق غریب حکومت فراہم کریں گے اور کمزور طبقات و اقلیتوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری کے بعد چندرا شیکھر راو نے پریڈ گراونڈ سکندرآباد میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس کی رنگا رنگ پریڈ کی سلامی لی۔ کے سی آر نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کا معائنہ کیا۔ ریاست کے نئے ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما نے کے سی آر کو پولیس کے اعلی عہدیداروں سے متعارف کرایا۔ یوم تاسیس تقاریب میں وزراء ،ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اہم شخصیتوں کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں تلنگانہ حامیوں نے شرکت کی۔ پریڈ گراونڈ وقفہ وقفہ سے جئے تلنگانہ کے نعروں سے گونج رہا تھا۔ پریڈ کی سلامی کے بعد خطاب کرتے ہوئے چندرا شیکھر راو نے کہا کہ ان کی حکومت کرپشن سے پاک اور شفافیت پر مبنی ہوگی۔ اس کی تمام پالیسیاں غریب اور کمزور طبقات کی بھلائی پر مبنی ہوں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کمزور طبقات اور اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق اسکیمات پر موثر انداز میں عمل آوری کیلئے انہوں نے ان طبقات کی بھلائی سے متعلق تمام قلمدان اپنے پاس رکھے ہیں۔ ایس سی ایس ٹی، بی سی اور اقلیت کی بھلائی سے متعلق قلمدان ان کے ذمہ ہیں ۔

چندرا شیکھر راو نے کہا کہ گذشتہ برسوں میں حکومتوں نے کمزور طبقات کی ترقی کو نظر انداز کردیا تاہم ان کی حکومت انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ کے سی آر نے آئندہ پانچ برسوں میں کمزور طبقات اور اقلیتوں کی بھلائی کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کی بھلائی اور ترقی پر 50 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔
چندرا شیکھر راو نے اپنی تقریر میں تلنگانہ تحریک اور شہدائے تلنگانہ کی قربانیوں کی یاد تازہ کی اور کہا کہ 1969 ء سے لیکر آج تک تلنگانہ تحریک کے دوران عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں علحدہ ریاست حاصل ہوئی ہے سماج کے تمام طبقات نے اس تحریک میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام نے حکومت سے جو توقعات وابستہ کی ہیں ان کی حکومت اپنی کارکردگی کے ذریعہ انہیں پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدم تشدد پر مبنی تلنگانہ کی تحریک دنیا کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی عوامی تحریک کی حیثیت سے شمار کی جارہی ہے ۔ چندرا شیکھر راو نے سرکاری ملازمین کیلئے مختلف مراعات کا اعلان کرتے ہوئے ان کیلئے یوم تاسیس کی مسرت میں خصوصی انکریمنٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ملازمین اور وظیفہ یابوں کو مرکزی حکومت کے ملازمین کے مماثل تنخواہیں اور وظائف ادا کئے جائیں گے ۔انہوں نے سرویس رولز میں ترمیمات کیلئے ملازمین کی تنظیموں سے مشاورت اور بہت جلد پے ریویژن کمیشن ( پی آر سی ) پر عمل آوری کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لئے بہت جلد ہیلت کارڈس جاری کئے جائیں گے ۔

چیف منسٹر نے انتخابی وعدے کے مطابق ضعیف اور بیواوں کیلئے ماہانہ ایک ہزار روپئے اور معذورین کیلئے 1500 روپئے ماہانہ وظیفے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے بیڑی مزدوروں کیلئے ماہانہ ایک ہزار روپئے وظیفہ کے وعدہ پر عمل آوری کا بھی تیقن دیا ۔ کمزور اور ضعیف افراد کیلئے مکانات کی تعمیر سے متعلق اسکیم کاحوالہ دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ انتخابی وعدہ کے مطابق ہر غریب کو 125 گز پر دو بیڈ روم ،ہال ،کچن اور باتھ روم کے ساتھ مکان تعمیرکیا جائے گا۔ کے سی آر نے تلنگانہ حکومت کی رہنمائی اور اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں تجاویز پیش کرنے اہم شخصیتوں اور ایڈیٹرس پر مشتمل تلنگانہ مشاورتی کونسل کے قیام کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مشاورتی کونسل کی سفارشات پر عمل کرے گی ۔ چندرا شیکھر راو نے زرعی شعبہ کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کسانوں کے ایک لاکھ روپئے تک کہ زرعی قرض کی معافی کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں جلد ہی اقدامات کئے جائیں گے ۔ شہر اور اطراف کے علاقوں میں رئیل اسٹیٹ کاروبار کی حوصلہ افزائی کا تیقن دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریئیل اسٹیٹ کاروبار سے وابستہ افراد سے مشاورت کے ذریعہ روزگار کے مواقع میںاضافہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنے کیلئے بہت جلد صنعتی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہو ںنے اعتراف کیا کہ تلنگانہ میں برقی کی پیداوار کی صورتحال تشویشناک ہے اور تلنگانہ کو برقی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں برقی کے شعبہ میں تلنگانہ ریاست خود مکتفی ہوجائے گی۔ انہوں نے صنعتوں سے متعلق امور کی تکمیل کیلئے چیف منسٹر دفتر میں سنگل ونڈو سسٹم رائج کرنے کا تیقن دیا۔