مرکزی وزارت داخلہ کے رہنمایانہ خطوط کی پابندی : ڈی جی پی
حیدرآباد ۔ 29 اکٹوبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ پولیس کی جانب سے ٹیلی فون ٹیاپ کرنے سے متعلق اپوزیشن قائدین کے الزامات پر ریاستی ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے الیکشن کمیشن کو آج اپنی رپورٹ پیش کردی ۔ چیف الکٹورل آفیسررجت کمار کو پیش کردہ رپورٹ میں ڈی جی پی نے یہ واضح کردیا کہ کسی بھی اپوزیشن لیڈر کا فون ٹیاپ نہیں کیا گیا ۔ انہںو نے مزید وضاحت کی کہ بشرطیکہ دفاع اور قومی سلامتی کے مقاصد کیلئے مرکزی وزارت داخلہ کی رہنمایانہ خطوط کے مطابق ہی پولیس کسی بھی شخص کے فون ٹیاپ کرسکتی ہے ۔ ڈی جی پی نے یہ بھی واضح کیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے ضمن میں گاڑیوں کی تلاشی کے مسئلہ میں بھی کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پولیس اہلکار صرف الیکشن کمیشن کے احکام اور رہنمایانہ خطوط کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔