سیاسی غیر یقینی کیفیت پر عدالت میں مفاد عامہ کی درخواست

حیدرآباد 25 فبروری ( این ایس ایس ) ریاست میں جاری سیاسی غیر یقینی کیفیت پر مفاد عامہ کی ایک درخواست آج ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے اور یہ استدعا کی گئی ہے کہ ریاست میں صدر راج نافذ کیا جائے یا کوئی کارگذار حکومت فوری قائم کی جائے تاکہ بحران کو حل کیا جاسکے ۔ ایک سینئر وکیل کرشنا یدوا نے مفاد عامہ کید رخواست دائر کی جسے ہائیکورٹ نے سماعت کیلئے قبول کرلیا ہے ۔ انہوں نے اپنی درخواست میں ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن ‘ سبکدوش چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی ‘ صدر پردیش کانگریس بوتسہ ستیہ نارائنا اور قائد اپوزیشن مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی کو جوابدہ بنایا ہے ۔ درحواست گذار نے الزام عائد کیا کہ جب سے مسٹر کرن کمار ریڈی نے چیف منسٹر کی حیثیت سے استعفی پیش کیا ہے اس وقت سے ریاست سیاسی بحران کا شکار ہے اور غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر موصوف بھی دستور کے مطابق ریاست میں حکمرانی کو یقینی بنانے اور متبادل انتطامات کرنے میں بھی ناکام ہوگئے ہیں۔ درخواست گذار نے مزید واضح کیا کہ دستور کے دفعہ 356 کے بموجب ریاست میں یا تو صدر راج نافذ کیا جانا چاہئے یا پھر نئی حکومت قائم کی جانی چاہئے ۔