نیشنل ایلائینز فار پیپلز مومنٹ کا سیمینار ، جئے پال ریڈی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔31جولائی (سیاست نیوز) سیاسی پارٹیوں سے انحراف اور اسپیکرس کا رول کے عنوان پر نیشنل ایلائینز فار پیپلز مومنٹ کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی سمینار ایس وی کیندرم ہال ‘ باغ لنگم پلی میںمنعقد کیاگیا ۔ سابق مرکزی وزیرجئے پال ریڈی کے علاوہ جسٹس بی پی جیون ریڈی سابق جج سپریم کورٹ آف انڈیا‘جسٹس بی سدرشن ریڈی سابق جج سپریم کورٹ آف انڈیا‘جسٹس پی لکشما ریڈی سابق جج اے پی ہائی کورٹ‘پروفیسر آر وی آر چندرشیکھر رائو سابق وائس چانسلر‘ڈاکٹر این جئے پرکاش نارائن بانی لوک ستہ پارٹی‘ ڈاکٹر پی بھاسکر رائوکوآرڈینٹر لوک ستہ پارٹی ‘ صدر جنا چیتنا ویدیکا وی لکشما نہ ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے پارٹی انحراف کے خلاف سخت قوانین نافذ کرنے کی حمایت کی ۔جئے پال ریڈی نے کہاکہ ماضی میں پارلیمنٹ اور اسمبلی کی اکثریت کے فیصلوں کو دور ہذا میںنظر انداز کیاجارہا ہے جبکہ کم تعداد سے برسراقتدار آنے والی سیاسی جماعتوں کے فیصلوں کو لاگو کیاجارہاہے ۔ جئے پال ریڈی نے انحراف کی سیاست کو جمہوری نظام میںبدنما داغ قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تائید سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد منحرف ہونے والے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اس قسم کی تبدیلی پر پابندی عائد کرنے کی ضرورت ہے ۔ پارٹی انحراف کے متعلق پہلے سے ہی قانون موجود ہے مگر اس پر عمل میں سیاسی جماعتوں کی سنجیدگی ضروری ہے ۔ سمینار کے دیگر شرکاء نے بھی اپنے خطاب میں پارٹی انحراف کی شدت کے ساتھ مخالفت اور اس میں اسپیکر اسمبلی کو ذمہ دارٹھراتے ہوئے کہاکہ قانون کے مطابق اسپیکرس اسمبلی وکونسل کو کام کرنے کی ضرورت ہے ۔