کولمبو۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر سری لنکا ایم سری سینا نے آج وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے کے فرائض میں تخفیف کردی جبکہ ملک گیر سطح پر سیاسی بحران جاری ہے۔ سری لنکا فریڈم پارٹی اور یونائٹیڈ نیشنل پارٹی کی مخلوط حکومت اس وقت سیاسی بحران کا شکار ہوگئی جبکہ سابق صدر مہندا راجہ پکسا کی نئی پارٹی نے مقامی انتخابات میں حیرت انگیز کامیابی کے بعد برسراقتدار اتحاد سے دستبرداری اختیار کرلی۔ سری سینا نے سری لنکا کی مرکزی بینک پر سے وزیراعظم کے اختیارات کا خاتمہ کردیا۔ قبل ازیں یہ وزیراعظم کے احکام کے مطابق کام کیا کرتا تھا، اب صدر نے اسے وزارت فینانس کا ماتحت بنا دیا ہے۔ آئندہ ہفتہ وکرما سنگھے کے خلاف مشترکہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والی ہے جس پر 4 اپریل کو مباحث ہوں گے۔ اسی کے پیش نظر صدر سری لنکا کا وزیراعظم کے اختیارات میں تخفیف کا اقدام اہمیت رکھتا ہے۔