الیکشن کمیشن سے کارروائی کا مطالبہ : جی نرنجن
حیدرآباد ۔ 10۔ اپریل (سیاست نیوز) پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈنیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو محض نوٹس کی اجرائی پر اکتفا کرنے کے بجائے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرے۔ سکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جی نرنجن نے کہا کہ چیف منسٹر سیاسی اغراض کیلئے اپنی سرکاری قیامگاہ پرگتی بھون کا استعمال کر رہے ہیں۔ 13 مارچ سے کانگریس پارٹی میں الیکٹورل آفیسر کو ایک سے زائد مرتبہ اس سلسلہ میں نمائندگی کی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے سرکاری قیامگاہ پر بعض قائدین کو ٹی آر ایس میں شامل کیا جن میں سبیتا اندرا ریڈی ، ناما ناگیشور راؤ اور ایم وینکٹیشور راؤ شامل ہیں۔ ٹی آر ایس کے امیدواروں کو بی فارم پرگتی بھون میں تقسیم کئے گئے ۔ نرنجن نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن خاموشی اختیار کرتا ہے تو عوام کا اعتماد کمیشن پر سے اٹھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آخر کار چیف منسٹر کو نوٹس جاری کی ہے لیکن نوٹس کے ساتھ ساتھ کارروائی بھی کی جانی چاہئے ۔