حجامہ کے ماہر ڈاکٹروں کا جناب زاہد علی خاں سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حجامہ طریقہ علاج کو طب نبویﷺ میں کافی اہمیت دی گئی ہے اور مختلف مراحل میں حجامہ کروانے کو صحت کے لیے مفید قرار دیا گیا ہے ۔ حجامہ کے ذریعہ جسم سے فاسد و ناکارہ خون کا اخراج عمل میں آتا ہے ۔ دوران خون میں بہتری پیدا ہوتی ہے ۔ شریانوں میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں دور ہوجاتی ہیں ۔ حجامہ کی ان خوبیوں بلکہ سب سے بڑھ کر سنت رسول ﷺ ہونے کے باعث روزنامہ سیاست نے عوام کے فائدے کے لیے ایک سال قبل حجامہ کیمپس کا آغاز کیا تھا اور الحمدﷲ یہ کیمپس بڑی کامیابی کے ساتھ جاری ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے سیاست حجامہ کیمپس منعقد کرنے والے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم سے ملاقات میں کیا اور کہا کہ سیاست حجامہ کیمپس کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ اس لیے کہ اس کیمپ کے ذریعہ جہاں بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کو متعدد بیماریوں سے راحت مل رہی ہے وہیں ایک سنت کی تکمیل بھی ہورہی ہے ۔ اس ٹیم میں ڈاکٹر محمد عبدالمجیب ماہر حجامہ ، ڈاکٹر محمد نذیر ، ڈاکٹر محمد کلیم غوری ، ڈاکٹر عبدالعلی ، ڈاکٹر محمد ابراہیم ، ڈاکٹر محمد عبدالصمد کے علاوہ سید خالد محی الدین اسد ، سید رضوان اور محمد ذیشان بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب نے جناب زاہد علی خاں کو بتایا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں افراد نے حجامہ کیمپوں سے استفادہ کیا ۔ جن میں شہر مضافاتی علاقوں کے علاوہ اضلاع کے لوگ شامل ہیں ۔ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب نے جناب زاہد علی خاں ، جناب ظہیر الدین علی خاں ، جناب عامر علی خاں اور ڈاکٹر سید غوث الدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیاست کے یہ کیمپس سارے ملک میں ایک مثال ہے ۔۔