کانگریس اقلیتی منشور کمیٹی کے جائزہ اجلاس سے صدر نشین عابد رسول خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و صدر نشین سب کمیٹی کانگریس منشور اقلیتی امور عابد رسول خاں نے اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لیے کانگریس منشور کمیٹی کو روزنامہ سیاست اور جناب زاہد علی خاں کی جانب سے پیش کردہ 14 نکاتی ایجنڈے کی زبردست ستائش کی اور اسے اقلیتوں کی ترقی کا عملی نمونہ قرار دیا ۔ اقلیتوں سے تجاویز وصول کرنے کے علاوہ اضلاع کا بھی دورہ کرتے ہوئے اقلیتوں سے تجاویز وصول کرنے کا اعلان کیا ۔ صدر نشین منشور کمیٹی دامودھر راج نرسمہا نے آج دوپہر ایک بجے گاندھی بھون میں اقلیتی منشور کمیٹی میں شامل کئے جانے والے مسائل اور یکسوئی کے لیے کئے جانے والے وعدوں کا جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں عابد رسول خاں کے علاوہ دوسرے رکن سید عظمت اللہ حسینی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عابد رسول خاں نے کہا کہ کانگریس پارٹی متاثر کن انتخابی منشور تیار کررہی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے جب ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم مسائل پر مشاورت کی تب جناب زاہد علی خاں نے 14 نکات پر مشتمل ایک ایجنڈہ جو اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی و بہبود سے متعلق تھا ۔ اتم کمار ریڈی کے حوالے کیا اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے یہ ایجنڈہ انتخابی منشور کمیٹی کے حوالے کرتے ہوئے اس پر ہمدردانہ غور کرنے کی ہدایت دی ۔ آج کے اجلاس میں بھی اس پر سنجیدگی سے غور و خوض کیا گیا ہے ۔ عابد رسول خاں نے کہا کہ ادارہ سیاست نے اقلیتوں کی ترقی کے لیے معقول اور موثر تجاویز پیش کی ۔ سب پلان ، چھوٹے روزگار کی مدد ، بینکوں کے تعاون کے بغیر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے راست قرضوں کی اجرائی وغیرہ شامل ہیں ۔ ٹی آر ایس نے 12 فیصد مسلم تحفظات کے علاوہ دوسرے کئی اہم وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں آلیر انکاونٹر ہوا ہے ۔ کشن باغ فائرنگ واقعہ وغیرہ کی تحقیقاتی رپورٹ ہنوز منظر عام پر نہیں آئی ۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو اس کی از سر نو تحقیقات کی جائے گی ۔ عابد رسول خاں نے کہا کہ کانگریس نے وہی وعدے کئے ہیں جو پورے کئے جاسکتے ہیں۔ 5 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کیا گیا تھا۔ عدالتی کشاکش کے بعد تعلیم اور روزگار میں 4 فیصد تحفظات فراہم کیا جارہا ہے ۔ اس مرتبہ اقلیتی سب پلان کا وعدہ کیا جارہا ہے اور اقتدار حاصل ہوتے ہی اس کو بھی پورا کیا جائے گا ۔ آبادی کے تناسب سے اسکیمات میں اقلیتوں کو حصہ دار بنایا جائے گا۔ انتخابی منشور میں شامل کرنے کے لیے انہیں شہر و اضلاع سے اقلیتوں ، دانشوروں سے کئی تجاویز وصول ہورہے ہیں ۔ وہ آئندہ ایک دو دن میں کانگریس کے اقلیتی قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ان سے بھی تجاویز طلب کریں گے ۔ عابد رسول خاں نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیا ۔ اور بی جے پی و این ڈی اے حکومت کے فیصلوں کی ٹی آر ایس کی جانب سے کی گئی تائید پر روشنی ڈالی ۔ مرکز کی جانب سے طلاق ثلاثہ پر جاری کردہ آرڈیننس کو مسلم پرسنل لا میں مداخلت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ۔ سیکولر ذہنیت رکھنے والی جماعتوں کو آپسی اتحاد کے ذریعہ فرقہ پرستوں کو شکست دینے کی اپیل کی ۔۔