سیاست کا تعاون قابل قدر:اے کے خاں

عہدیداروں کے اجلاس میں اقامتی اسکولس کی تشہیر اور داخلوں کا تذکرہ
حیدرآباد۔ 2۔ مئی  ( سیاست نیوز) تعلیمی تحریک سے روزنامہ سیاست کی وابستگی اور اس کی کامیابی میں حصہ داری سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ سیاست نے نہ صرف تعلیم بلکہ مسلمانوں کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے اہم رول ادا کیا۔ حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کیلئے جون سے شروع ہونے والے 71 اقامتی اسکولس کے سلسلہ میں سیاست نے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو عبدالقیوم خاں نے روزنامہ سیاست کے تعاون کی ستائش کی اور عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں طلبہ کے داخلوں کے سلسلہ میں سیاست کی تشہیری مہم کو قابل قدر قرار دیا۔ ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کی موجودگی میں اے کے خاں نے کہا کہ اگرچہ اس اسکیم میں بعض غیر سرکاری تنظیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں لیکن روزنامہ سیاست نے جس انداز سے اپنا تعاون پیش کیا ہے، وہ قابل قدر ہے۔ انہوں نے داخلوں کے سلسلہ  میں جاری کردہ تشہیری مہم اور ہیلپ لائین سنٹر کی خدمات کا بطور خاص تذکرہ کیا۔ سیاست کے ہیلپ لائین سنٹر سے آن لائین داخلوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اے کے خاں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اضلاع میں سیاست کے نمائندوں سے ربط قائم کرتے ہوئے  ضلع میں اسکولوں سے متعلق مہم چلائیں۔ انہوں نے سیاست نے اسکولوں کی اسکیم کی کامیابی کیلئے ابتداء ہی سے مثبت انداز میں ساتھ دیا ہے اور وہ اس تعاون کی قدر کرتے ہیں۔ اے کے خاں نے دیگر رضاکارانہ تنظیموں سے تعاون حاصل کرنے کی ضرورت ظاہر کی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی اور دیگر رضاکارانہ اداروں کے ذمہ دار بھی شریک تھے۔ واضح رہے کہ سیاست میں حکومت کی تمام اہم اسکیمات کے سلسلہ میں ہیلپ لائین سے خدمات فراہم کی گئی ہیں جس سے ہزاروں افراد استفادہ کر رہے ہیں۔ حکومت کی کئی اسکیمات کی کامیابی میں سیاست کا اہم دخل ہے۔