سیاست و ایم ڈی ایف کے سمر ووکیشنل کیمپ سے سینکڑوں افراد فنون لطیفہ سے آراستہ

حیدرآباد 24 مئی (دکن نیوز) سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام چلائے جانے والے ووکیشنل سمر کیمپ کے سلسلہ میں دوسرے مرحلہ کے طور پر آج معائنہ ٹیم نے جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی ہدایت پر مختلف مراکز کا معائنہ کیا۔ جس میں نیو مائیکرو ٹیک نزد درگاہ حضرت شاہ خاموشؒ (نامپلی)، بشریٰ سنٹر نور خاں بازار، صمصام میموریل اسکول (مغلپورہ)، سرسید اسکول (تالاب کٹہ)، محمدی سنٹر (میر عالم منڈی) شامل ہیں جس میں 460 سے زائد طلباء و طالبات نے کمپیوٹرس، ٹیلرنگ، اسپوکن انگلش، مہندی ڈیزائننگ، سوتی ورک، فلاور میکنگ، ایمبرائیڈری، ویجیٹیبل کارونگ کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ ٹیم نے مائیکرو ٹیک کمپیوٹر سنٹر کا دورہ کیا جہاں پر طلباء و طالبات کو کمپیوٹر کورسیس کی مکمل تربیت کے ساتھ اُنھیں ہارڈویر اور نیٹ ورکنگ کی تربیت سے گزارا جارہا ہے۔ اس سنٹر کے انچارج وسیع اللہ سراج نے بتایا کہ 35 طلباء و طالبات جو مختلف اوقات میں اس سنٹر سے تربیت حاصل کررہے ہیں۔ ٹیم نے نور خاں بازار میں موجود بشریٰ سنٹر کا معائنہ کیا جہاں پر طالبات کی بڑی تعداد ٹیلرنگ، مہندی ڈیزائننگ و دیگر کورسیس سیکھ رہی ہیں۔ اس کے بعد ٹیم نے صمصام میموریل اسکول مغلپورہ پہونچی جہاں پر ماہر اساتذہ کی نگرانی میں طلباء و طالبات مختلف کورسیس کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ عبدالرحمن صدیقی نے بتایا کہ اس سنٹر میں ٹیلرنگ، مہندی ڈیزائننگ، کمپیوٹر کورس جن میں کورل ڈرا، فوٹو شاپ و دیگر کورسیس کی تربیت ماہر اساتذہ کی نگرانی میں حاصل کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان سنٹرس میں عربی اور دینی تعلیم کا بھی نظم موجود ہے اور ساتھ ہی تلگو زبان سے واقف کروانے کے لئے طلباء کو ماہر استاد کی نگرانی میں تعلیم دی جارہی ہے۔ اس سنٹر میں مسلم طلباء و طالبات کے علاوہ غیر مسلم بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور مسلم لڑکے مرد و خواتین جو کم عمر بھی ہیں کورس کے سیکھنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ وہاں سے یہ 5 رکنی ٹیم نائب صدور ایم اے قدیر، ڈاکٹر ایوب حیدری، نثار احمد ایڈوکیٹ، محمد فریدالدین جوائنٹ سکریٹری، محمد نصراللہ خان پبلسٹی سکریٹری، سید نظام الدین لئیق و دیگر شامل تھے۔ اس کے بعد یہ ٹیم تالاب کٹہ میں موجود سرسید اسکول پہنچی جہاں پر طالبات جو سطح غربت سے کم تر ہیں اور اعلیٰ تعلیم یافتہ طالبات و خواتین محترمہ فرزانہ بیگم کی نگرانی میں ٹیلرنگ، مہندی ڈیزائننگ سیکھتے ہوئے دیکھی گئیں۔ بالخصوص ٹیلرنگ کے شعبہ میں خواتین و لڑکیاں ساڑیوں پر ڈیزائن اور چھوٹے لڑکے لڑکیوں کے ملبوسات بناتے ہوئے دیکھے گئے۔ فرزانہ بیگم نے بتایا کہ اس سنٹر میں سیکھنے والوں کو اس بات کی ترغیب دی جارہی ہے کہ وہ اپنے میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع دیا جائے۔ ٹیم محمدی سنٹر (اعتبار چوک) پہنچی جہاں پر سنٹر کی انچارج محمدی بیگم نے بتایا کہ جتنے کورسیس بھی لڑکیوں کو سکھائے جارہے ہیں ان کا مقصد یہ ہے کہ طالبات کو خود روزگار سے مربوط کیا جائے۔