حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ادارہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام 39 واں دوبدو ملاقات پروگرام برائے شیعہ برادری اتوار /22 فروری کو 6 بجے شام تا 10 بجے شب دیوڑھی حسینیہ نواب عنایت جنگ بہادر ، منڈی میر عالم مقرر ہے ۔ جس میں صرف شیعہ لڑکے و لڑکیوں کے لیے شادیوں کے رشتے طئے کرنے والدین و سرپرست شرکت کریں گے ۔ جناب عابد صدیقی صدر مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم نے بتایا کہ دوسری مرتبہ شیعہ برادری کے لڑکوں و لڑکیوں کے پیامات کی نشاندہی اور رشتوں کے انتخاب کے لیے یہ خصوصی دوبدو ملاقات پروگرام رکھا جارہا ہے ۔ پروگرام کی صدارت جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے ۔ جب کہ افتخار حسین فدا علی سکریٹری فیض عام ٹرسٹ ،حجتہ الاسلام مولانا شان حیدر ، ذاکر اہلبیت مولانا علی مرتضی اور نواب سید اصغر حسین مہمانان خصوصی شرکت کریں گے ۔ علی رضا صدر مرکزی سیرت الزہرا کمیٹی کے تعاون و اشتراک سے یہ دوبدو پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر والدین و سرپرست باہمی مشاورت سے رشتے طئے کریں گے ۔ مفت رجسٹریشن کے لیے خصوصی رجسٹریشن کاونٹر ہوگا ۔ والدین و سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ لڑکے و لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز و بائیو ڈاٹاز اپنے ہمراہ لائیں ۔ ایم ڈی ایف کے عہدیداران اور دیگر نے والدین و سرپرستوں سے خواہش کی ہے کہ وہ اس پروگرام سے استفادہ کریں ۔اس پروگرام میں ممتاز شیعہ علماء و ذاکرین کو مدعو کیا جارہا ہے ۔ خواتین کیلئے پردہ کا نظم ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے محمد عبدالقدیر نائب صدر فورم 9394801526 اور علی رضا سے فون نمبر 9391144469 پر ربط کریں ۔