سیاست و ایم ڈی ایف ووکیشنل گرمائی کیمپ کی آج اختتامی تقریب

دفتر سیاست میں مقرر، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان صدارت کرینگے
حیدرآباد ۔ 13 جون (دکن نیوز) ووکیشنل گرمائی کیمپ 2015ء کی اختتامی تقریب و جلسہ تقسیم اسناد و انعامات دوشنبہ 15 جون 4 بجے محبوب حسین جگر ہال احاطہ دفتر روزنامہ سیاست عابد روڈ مقرر ہے۔ ادارہ سیاست اور مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے منعقدہ 45 روزہ سمر کیمپ کے اختتام پر اس تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے، جس کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے۔ اسمعیل علی خان صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ ٹیرف ریگولیٹری کمیشن، افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ اور محمد خلیق الرحمن قوی کوآرڈینیٹر اے آئی سی سی بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم و تعارف کروائیں گے۔ اس تقریب میں تمام مراکز کے ذمہ داروں کو مومنٹوز اور ٹیچرس کو تربیتی یافتہ امیدواروں کو سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر ایم ڈی ایف کے بعض ارکان کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایم اے قدیر نائب صدر فورم، خدیجہ سلطانہ، محمد برکت علی، محمد سرور، محمد فریدالدین کوآرڈینیٹرس نے مراکز کے ذمہ داروں، انسٹرکٹرس، ٹیچرس و تربیت یافتہ امیدواروں سے بہ پابندی وقت شرکت کی درخواست کی ہے۔ خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری اظہارتشکر کریں گے۔ 45 روزہ کیمپ کے دوران شہر کے 32 مراکز میں مسلم طلباء و طالبات اور خواتین کو ’’سیکھو اور کماؤ‘‘ پروگرام کے تحت کمپیوٹرس، اسپوکن انگلش، فزیرتھراپی، ویڈیو گرافی، بیوٹیشن، مہندی ڈیزائننگ، ٹیلرنگ اور دیگر کرافٹس میں عملی تربیت فراہم کی گئی۔ اس کیمپ سے تقریباً 1500 امیدواروں نے استفادہ حاصل کیا ہے۔