مراکز کے ذمہ داروں کی ستائش ، مختلف سنٹرس کا دورہ ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام 45 روزہ ووکیشنل سمر کیمپ کے سلسلہ میں آج ایک خصوصی معائنہ ٹیم نے شہر کے مختلف مراکز کا معائنہ کیا ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست ، عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف ، ایم اے قدیر ، میر انور الدین ، محمد برکت علی ، محمد فرید الدین ، شیخ نظام الدین لئیق فوٹو گرافر سیاست ، محمد نصر اللہ خاں اور آسام سے آئے ہوئے سینئیر صحافی ضمشیر علی پر مشتمل ٹیم نے سب سے پہلے اکبر نگر ، عیدی بازار کے مدرسہ اسماء البنات کا معائنہ کیا جہاں تقریبا 80 طلباء و طالبات کمپیوٹرس ، فزیوتھراپی ، ٹیلرنگ اور مہندی ڈیزائننگ کی تربیت حاصل کررہے ہیں ۔ محمد خواجہ عظیم الدین اور مبین فاطمہ نے ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے مرکز کی کارکردگی سے واقف کروایا ۔ جناب عامر علی خاں نے اس موقع پر طلباء وطالبات کو مشورہ دیا کہ وہ سخت محنت کریں اور جو کام بھی سیکھ رہے ہیں اس میں مہارت پیدا کریں ۔ انہوں نے مرکز کے ذمہ داروں کے جذبہ خدمت کی ستائش کی ۔ معائنہ ٹیم کے ارکان نے شاہین نگر میں گلوری گرلز کالج کے زیر اہتمام قائم کردہ مرکز کا بھی معائنہ کیا ۔ سید خواجہ اظہر الدین و سید خواجہ مظہر الدین نے استقبال کیا اور کالج میں قائم مختلف کورس کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ اس مرکز میں 40 سے زائد طالبات تربیت حاصل کررہے ہیں ۔ طالبات نے کمپیوٹر کے مختلف پروگرامس کا مظاہرہ کیا بالخصوص گرافک آرٹ کے نمونے دکھائے ۔ خواجہ اظہر الدین نے سیاست وایم ڈی ایف کی ملی خدمات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جناب عامر علی خاں کی کوششوں سے مسلمانوں میں تعلیمی بیداری پیدا ہورہی ہے ۔ زارا ویلفیر سوسائٹی وادی عام ، شاہین نگر کے مرکز میں محترمہ کوثر جہاں نے معائنہ ٹیم کے ارکان کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر سید اعظم علی بھی موجود تھے ۔ اس مرکز میں مہندی ڈیزائننگ اور ٹیلرنگ کی تقریبا 50 طالبات و مسلم خواتین زیر تربیت ہیں ، طالبات نے مہندی ڈیزائننگ اور ٹیلرنگ کے نمونوں پر مشتمل اپنے ریکارڈس بکس دکھائے ۔ مہندی ڈیزائننگ میں ہندوستانی ، عربی اور مارواڑی ڈیزائن کے نہایت شاندار نمونے تیار کئے گئے جس پر جناب عامر علی خاں اور عابد صدیقی کے علاوہ آسام کے صحافی ضمثیر علی نے اظہار خوشنودی کی ۔ معائنہ ٹیم نے اس کے بعد محترمہ ثمینہ خورشید کی زیر نگرانی چلائے جارہے مرکز واقع ہائی ٹیک سائبر اسکول غازی ملت کالونی ، چندرائن گٹہ کا معائنہ کیا ۔ محمد کمال الدین اور ثمینہ خورشید نے ابتداء میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے بیوٹیشن ، ٹیلرنگ ، مہندی ڈیزائننگ اور کمپیوٹر کی تربیت کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ چنانچہ اس سنٹر سے سینکڑوں کی تعداد میں طلباء وطالبات و مسلم خواتین نے استفادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لیے یہ بات باعث مسرت و باعث اعزاز ہے کہ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست پہلی بار ان کے مرکز پر تشریف لائے ۔ انہوں نے تمام کلاسس کا معائنہ کروایا اور ارکان ٹیم کو اپنی کارکردگی سے واقف کروایا ۔ بعد ازاں جناب عامر علی خاں کی زیر قیادت ٹیم نے ریاست نگر ، معین باغ میں اے بی بی آر گروپ پہنچ کر مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ محمد برکت علی ڈائرکٹر اور حمیرہ احسن نے استقبال کیا ۔ اس موقع پر الحاج محمد اطہر علی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے جناب عامر علی خاں نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کی بڑی تعداد سطح غربت سے نیچے کی زندگی گذار رہی ہے ۔ مرکز میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد اس بات کی کوششیں کی جارہی ہے کہ ہر محاذ پر مسلمانوں کو کمزور کیا جائے ۔ تاہم اس مسلم دشمنی کو کمزور کرنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ مسلمان تعلیمی و معاشی اعتبار سے مستحکم ہوجائیں ۔ انہوں نے معیشت کو بہتر بنانے کے لیے زکواۃ کے نظام کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریب مسلم طبقہ کے معاشی حالات کو سدھارنے کے لیے زکواۃ کے نظام میں مرکزیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کا وہ متمول طبقہ جو غریبوں کی مدد کا خواہاں ہے اسے چاہئے کہ وہ ایک ایسا گروپ تشکیل دے جس کے ذریعے کارپس فنڈ قائم کر کے مسلم نوجوانوں کو کاروبار میں مدد دے سکے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے مسلم نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ قابلیت و صلاحیت پر توجہ دے ۔ عہد حاضر کے تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کریں ۔ محمد برکت علی نے جناب عامر علی خاں ، عابد صدیقی اور آسام کے مہمان صحافی ضمثیر علی کی گلپوشی کی ۔ ابتداء میں محمد فرید الدین کوآرڈینٹر نے سمر کیمپ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ سیاست کی جانب سے تمام تربیتی مراکز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور جو طالبات مختلف ہنر سکھیں گے ان کے لیے روزگار کے حصول کے امکانات پیدا کئے جائیں گے ۔ موسم گرما کی شدت کے باوجود تمام مراکز پر بڑی تعداد میں طلباء و طالبات حاضر تھے ۔۔