حیدرآباد 3اپریل(دکن نیوز) ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام 10 اپریل سے 45 روزہ ووکیشنل سمر کیمپ کا آغاز ہوگا۔ اس سلسلہ میں مراکز کی جانب سے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ محمد برکت علی اور محمد فریدالدین کوآرڈی نیٹرس نے مراکز و مدرسوں کے ذمہ داروں سے خواہش کی ہے کہ وہ فوری طور پر دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست سے ربط پیدا کرتے ہوئے اپنی درخواستیں داخل کرتے ہوئے رجسٹریشن کروالیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بارویں سمر کیمپ کے دوران لڑکوں و لڑکیوں اور خواتین کے لئے کمپیوٹر کورسیس، فزیوتھراپی، فوٹو اور ویڈیو گرافی، لیاب ٹکنیشن اور اسپوکن انگلش کے علاوہ ٹیلرننگ، مہندی ڈیزائننگ، موتی ورک ، ڈیجیٹل کارونگ، ایمبرائیڈری، فلاور میکنگ، سافٹ ٹائلز کی تیاری و دیگر ٹریڈس کی باقاعدہ تربیت بھی دی جائے گی۔ ’’سیکھو اور کماؤ‘‘ پروگرم کے تحت اس سمر کیمپ میں عملی تربیت کی مکمل سہولت بھی حاصل رہے گی۔ محترمہ خدیجہ سلطانہ کنوینر سمر کیمپ نے بتایا کہ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد تربیت یافتگان کو سرٹیفکٹس اور خصوصی انعامات دیئے جائیں گے۔ مراکز کی کارکردگی کی بنیاد پر اعتراف خدمات کے طور پر سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے مومنٹوز پیش کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ 11 برس سے گرمائی تعطیلات میں سمر کیمپ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کے ذریعہ سینکڑوں خواتین و طالبات اور لڑکوں نے روزگار حاصل کیا ہے۔ گزشتہ سال دونوں شہروں کے 56 مراکز میں تربیتی پروگرام منعقد کئے گئے تھے جس کے شاندار نتائج برآمد ہوئے۔